News Details
05/11/2023
خیبرپختونخوا کے میڈیکل وڈینٹل کالجوں میں داخلو ں کے لئے ایم ڈی کیٹ کے دوبارہ انعقاد کی تیاریوں سے متعلق اعلیٰ سطح کا ایک اجلاس گزشتہ روز وزیراعلیٰ محمد اعظم خان کی زیر صدارت منعقد ہوا
خیبرپختونخوا کے میڈیکل وڈینٹل کالجوں میں داخلو ں کے لئے ایم ڈی کیٹ کے دوبارہ انعقاد کی تیاریوں سے متعلق اعلیٰ سطح کا ایک اجلاس گزشتہ روز وزیراعلیٰ محمد اعظم خان کی زیر صدارت منعقد ہوا جس میں خیبر میڈیکل یونیورسٹی کے زیر انتظام ایم ڈی کیٹ کے انعقاد کے سلسلے میں تیاریوں کا جائزہ لیا گیا اور ایم ڈی کیٹ کو ہر لحاظ سے صاف اور شفاف بنانے کے لئے سخت انتظامات کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ وزیراعلیٰ کے مشیر برائے صحت ڈاکٹر ریاض انور ، چیف سیکرٹری ندیم اسلم چوہدری ، ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ عابد مجید، متعلقہ محکموں کے انتظامی سیکرٹریز ، وائس چانسلر خیبرمیڈیکل یونیورسٹی ، پولیس اور انٹیلیجنس اداروں کے حکام اور دیگر نے شرکت کی۔ متعلقہ ڈویژنل کمشنرز بھی بذریعہ ویڈیو لنک اجلاس میں شریک ہوئے۔اجلاس میں ایم ڈی کیٹ کے انعقاد میں شفافیت کو یقینی بنانے کے لئے خیبرمیڈیکل یونیورسٹی کے مجوزہ ایکشن پلان کی اصولی منظوری دی گئی جبکہ مذکورہ ایکشن پلان پر عملدرآمد اور جزئیات طے کرنے کے لئے ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ کی سربراہی میں کمیٹی قائم کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ اجلاس میں ایم ڈی کیٹ کے انعقاد کےلئے پولیس ، ضلعی انتظامیہ ، اینٹیلیجنس اداروں اور متعلقہ محکموں کو مخصوص ذمہ داریاں بھی تفویض کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ وزیراعلیٰ نے اجلاس کے شرکاءسے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ایم ڈی کیٹ کے صاف و شفاف انعقاد کے لئے فول پروف انتظامات یقینی بنائے جائیں اور اس بات کا خاص خیال رکھا جائے کہ گزشتہ ٹیسٹ میں رونما ہونے والا عمل دوبارہ کسی صورت رونما نہ ہو۔ امتحانات میں نقل کو ایک ناسور قرار دیتے ہوئے انہوں کہا کہ اس ناسور کے خاتمے کے لئے سخت اقدامات کی ضرورت ہے۔ محمد اعظم خان نے کہا کہ ایم ڈی کیٹ کے صاف اور شفاف انعقاد کے لئے صوبائی حکومت سکیورٹی کے علاوہ درکار مالی، انتظامی اور تیکنیکی تعاون فراہم کرے گی۔ اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایاگیا کہ صوبہ بھر کے میڈیکل وڈینٹل کالجوں میں داخلوں کےلئے ایم ڈی کیٹ اس مہینے کی 26 تاریخ کو منعقد کیا جائے گا جس کے لئے صوبے کے سات اضلاع میں امتحانی مراکز قائم کئے جائیں گے۔ان اضلاع میں ڈی آئی خان ، کوہاٹ، پشاور، مردان، دیر لوئر ، سوات اور ایبٹ آباد شامل ہیں۔مزید بتایاگیا کہ 46,220 رجسٹرڈ امیدوار ایم ڈی کیٹ میں حصہ لیں گے جبکہ گزشتہ ٹیسٹ میں نقل کرنے والے 219 امیدواروں کو بلیک لسٹ کردیا گیا ہے۔