News Details

14/10/2023

نگراں وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا محمد اعظم خان کاصوبے کے تدریسی ہسپتالوں کو درپیش مالی مشکلات کا نوٹس

نگراں وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا محمد اعظم خان نے صوبے کے تدریسی ہسپتالوں کو درپیش مالی مشکلات کا نوٹس لیتے ہوئے مشیر صحت اور چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا کو ان ہسپتالوں کیلئے فنڈز کا فوری بندوبست کرنے کیلئے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کی ہدایت کی ہے اور کہا ہے کہ تدریسی ہسپتالوں میں ایمرجنسی خدمات کی بلا تعطل فراہمی کیلئے ترجیحی بنیادوں پر درکار فنڈز کا انتظام کیا جائے اور اس امر کو یقینی بنایا جائے کہ تدریسی ہسپتالوں میں ایمرجنسی خدمات کسی صورت متاثر نہ ہوں۔ یہ ہدایت وزیراعلیٰ نے جمعہ کے روز مشیر صحت ڈاکٹر ریاض انور اور چیف سیکرٹری ندیم اسلم چوہدری کے ساتھ ایک ملاقات کے دوران جاری کی۔ملاقات میں صوبے کے تدریسی ہسپتالوں کو درپیش مالی مشکلات اور ان کے پائیدار حل سے متعلق اُمور پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔ وزیراعلیٰ نے کہاکہ شہریوں کو علاج معالجے کی فراہمی نگران حکومت کی ترجیحات میں سرفہرست ہے ۔ اس وقت صوبے کو مالی مشکلات کا سامنا ہے تاہم عوام کو علاج معالجے کی سہولیات کی فراہمی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔محمد اعظم خان نے مشیر صحت اور چیف سیکرٹری کو ہدایت کی ہے کہ دستیاب مالی وسائل کی تقسیم میں صحت کے شعبے کو پہلی ترجیح دی جائے جبکہ مستقبل میں تدریسی ہسپتالوں کو مالی طور پر مستحکم بنانے کیلئے قابل عمل پلان مرتب کیا جائے ۔