News Details
07/10/2023
نگران صوبائی حکومت کا اہم اقدام، محکمہ صحت میں ہیومن ریسورس منیجمنٹ اینڈ انفارمیشن سسٹم کا اجراء ایچ آر ایم آئی ایس کے تحت محکمے کے تمام ملازمین کا ریکارڈ ڈیجیٹائز کردیا گیا ہے ۔
نگران صوبائی حکومت کا اہم اقدام، محکمہ صحت میں ہیومن ریسورس منیجمنٹ اینڈ انفارمیشن سسٹم کا اجرائ
ایچ آر ایم آئی ایس کے تحت محکمے کے تمام ملازمین کا ریکارڈ ڈیجیٹائز کردیا گیا ہے ۔
محکمہ صحت میں ایچ آر ایم آئی ایس کا اجراءاحسن اقدام ہے۔
اس سے محکمے کی کارکردگی بہتر بنانے میں مدد لے گی۔ نگران وزیراعلیٰ محمد اعظم خان
محکمہ صحت خیبرپختونخوا نے ادارہ جاتی اصلاحات کے سلسلے میں ایک اچھے اقدام کے طور پر ہیومن ریسورس منیجمنٹ اینڈ انفارمیشن سسٹم (ایچ آر ایم آئی ایس ) کا اجراءکردیا ہے جس کے تحت صوبہ بھر میں محکمہ صحت کے تمام ملازمین کا جملہ ریکارڈ ڈیجیٹائز کرنے کے علاوہ ای۔پوسٹنگ ٹرانسفر، ای۔اپائنٹمنٹ آرڈرز اور ای لیو آرڈرزکا نظام بھی متعارف کیا گیا ہے۔ نگران وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمد اعظم خان نے محکمہ صحت میں ایچ آر ایم آئی ایس کے اجراءکو ایک احسن اقدام قرار دیتے ہوئے اس سلسلے میں مشیر صحت ، سیکرٹری صحت اور ان کے آئی ٹی ٹیم کی کاوشوں کو سراہا ہے اور کہا ہے کہ بغیر کسی اضافی اخراجات کے ایچ آر ایم آئی ایس کا کامیاب اجراءقابل ستائش ہے جس کے لئے محکمہ صحت کی پوری ٹیم مبارکباد کے مستحق ہے۔ انہوں نے کہا کہ سرکاری محکموں میں ای گورننس کا اجراءوقت کی اہم ضرورت ہے جسے محکموں کے جملہ امور کو منظم انداز میں چلانے، ان میں شفافیت لانے اور محکموں کی مجموعی کارکردگی کو بہتر بنانے میں مدد ملے گی۔
محکمہ صحت کے حکام کی طرف سے وزیراعلیٰ کو ایچ آر ایم آئی ایس کے بارے میں بریفنگ دیتے ہوئے بتایاگیا کہ بہت بڑی تعداد میں ملازمین پر مشتمل اس محکمے میں ملازمین کا ڈیجیٹل ریکارڈ نہ ہونے کی وجہ سے مختلف مسائل کا سامنا تھا اور افرادی قوت کے حوالے سے پالیسی فیصلوں میں وشواریاں پیش آرہی تھیں اور ایک جدید ایچ آر ایم آئی ایس کی ایک اشد ضرورت محسوس کی جارہی تھی۔ وزیراعلیٰ کو بتایاگیا کہ محکمے کی اپنی آئی ٹی ٹیم نے بغیر کسی اضافی بجٹ کے ایچ آر ایم آئی ایس تیار کرلی ہے اور اس سسٹم کو استعمال کرنے کے لئے محکمے کے تمام ذیلی دفاتر کو مراسلے بھی ارسال کر دئیے گئے ہیں جبکہ اس سسٹم کو صوبائی پبلک سروس کمیشن اور پوسٹ گریجویٹ میڈیکل انسٹیٹیوٹ کے ساتھ بھی منسلک کردیا گیا ہے۔ وزیراعلیٰ کے مشیر برائے صھت ڈاکٹر ریاض انور، چیف سیکرٹری ندیم اسلم چوہدری اور سیکرٹری صحت محمود اسلم بھی اس موقع پر موجود تھے۔