News Details

30/09/2023

نگران وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمد اعظم خان نے گزشتہ روز ہنگو کے علاقہ دو آبہ کی ایک مسجد پر خود کش حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کی

نگران وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمد اعظم خان نے گزشتہ روز ہنگو کے علاقہ دو آبہ کی ایک مسجد پر خود کش حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے واقعے میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔ یہاں سے جاری اپنے ایک بیان میں وزیر اعلیٰ نے خودکش دھماکے میں جاں بحق افراد ہونے والے افراد کی مغفرت اور پسماندگان کے لئے صبر جمیل کی دعا کی ہے۔ نگران وزیر اعلیٰ نے جاں بحق افراد کے لواحقین سے تعزیت اور دلی ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے دھماکے کے زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے اور کہا ہے کہ نگران صوبائی حکومت دھماکے کے متاثرین کے غم میں برابر کی شریک ہے۔ محمد اعظم خان نے عید میلاد النبی کے مبارک موقع پر مسجد میں نمازیوں پر حملے کو انتہائی مذموم اور قبیح فعل قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ عبادت گاہوں کو نشانہ بنانے والے انسان کہلانے کے لائق نہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس طرح کے واقعات دہشتگردی کے خاتمے کے لئے قوم کے عزم کو کمزور نہیں کر سکتے۔ قبل ازیں واقعے کی اطلاع ملتے ہی وزیر اعلیٰ نے فوری طور پرمتعلقہ حکام کو امدادی کارروائیاں بروقت شروع کرنے جبکہ دھماکے کے زخمیوں کو بروقت طبی امداد کی فراہمی کے لئے ہنگو کے ہسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کرنے کے احکامات جاری کئے۔ وزیر اعلیٰ نے چیف سیکرٹری اور انسپکٹر جنرل پولیس خیبر پختونخوا کو بھی فوری طور پر ہنگو پہنچنے اور دھماکے سے متعلق رپورٹ پیش کرنے جبکہ امدادی کاموں اور زخمیوں کو فراہم کی جانے والی طبی امداد کا جائزہ لینے کی ہدایت کی۔ وزیر اعلیٰ نے خود کش حملہ آوروں کو مسجد میں داخل ہونے سے روکنے کے لئے پولیس اہلکاروںکے کردار کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ پولیس کی بروقت کاروائی سے ایک خودکش حملہ آور کو مسجد میں داخل ہونے سے پہلے مارا گیا ورنہ جانی نقصانات ذیادہ ہوسکتے تھے۔ درایں اثناءوزیر اعلیٰ نے مستونگ دھماکے کی بھی مذمت کرتے ہوئے دھماکے میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔ یہاں سے جاری اپنے الگ تعزیتی بیان میں وزیر اعلیٰ نے جاں بحق افراد کے لواحقین سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے جاں بحق افراد کی مغفرت اور پسماندگان کے لئے صبر جمیل کی دعا کی ہے۔ وزیر اعلیٰ نے دھماکے کے زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لئے بھی نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے اور کہا ہے کہ نگران صوبائی حکومت دھماکے کے متاثرین کے غم میں برابر کی شریک ہے۔ <><><><><><><>