News Details

27/09/2023

نگران وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمد اعظم خان کی زیر صدارت منگل کے روز فارن فنڈڈ پراجیکٹس سے متعلق ایک اہم اجلاس وزیراعلیٰ ہاوس پشاور میں منعقد ہوا

نگران وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمد اعظم خان کی زیر صدارت منگل کے روز فارن فنڈڈ پراجیکٹس سے متعلق ایک اہم اجلاس وزیراعلیٰ ہاوس پشاور میں منعقد ہوا جس میں صوبے بشمول ضم اضلاع میں فارن فنڈز سے چلنے والے ترقیاتی منصوبوں پر عملدرآمد کی رفتار کا جائزہ لیا گیا جبکہ محکمہ منصوبہ بندی و ترقی کے حکام کی جانب سے ان منصوبوں پر اب تک کی پیش رفت اور دیگر متعلقہ امور پر بریفنگ دی گئی ۔ چیف سیکرٹری ندیم اسلم چوہدری ، ایڈیشنل چیف سیکرٹری زبیر اصغر قریشی کے علاوہ متعلقہ محکموں کے انتظامی سیکرٹریز اور دیگر اعلیٰ حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔ اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ رواں سالانہ ترقیاتی پروگرام میں فارن فنڈز کے تحت کل 66 منصوبے شامل کئے گئے ہیں جن کی کل مالیت 849 ارب روپے ہے۔ ان منصوبوں کے لئے رواں مالی سال کے دوران 114 ارب روپے مختص کئے گئے ہیں جبکہ اب تک 10.9 ارب روپے جاری کئے جا چکے ہیں۔فارن فنڈڈ ترقیاتی منصوبوں میں شعبہ زراعت کے پانچ ، پینے کے پانی کے تین، ابتدائی و ثانوی تعلیم کے چار، توانائی و برقیات کے سات ، جنگلات کاایک، صحت کے چار، لوکل گورنمنٹ کے تین، داخلہ کاایک، صنعت کاایک، مواصلات کے پانچ، سیاحت کے دو، شہری ترقی کے تین، آبپاشی کے تین، لیبرکا ایک، خزانہ کے دو اورملٹی سیکٹورل ڈویلپمنٹ کے 19 منصوبے شامل ہیں۔ شرکاءکو ترقیاتی منصوبوں پر پیشرفت کے حوالے سے بتایاگیا کہ دیگر صوبوں کی نسبت خیبرپختونخوا میں فارن فنڈڈ پراجیکٹس پر عملدرآمد کی صورتحال بہتر ہے۔ وزیراعلیٰ نے ان منصوبوں پر عملدرآمد کی مجموعی صورتحال پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے متعلقہ حکام کو ان منصوبوں پر عملدرآمد کی رفتار کو مزید بہتر بنانے اور ان کی بروقت تکمیل کو یقینی بنانے کے لئے اقدامات اٹھانے کی ہدایت کی ہے۔ وزیراعلیٰ نے متعلقہ محکموں کے انتظامی سیکرٹریز کو اپنے اپنے محکموں کے تحت فارن فنڈڈ پراجیکٹس پر پیشرفت کا باقاعدگی سے جائزہ لینے کی ہدایت کی ہے اور کہا ہے کہ اگر کسی بھی منصوبے پر عملدرآمد میں رُکاوٹ درپیش ہو تو انتظامی سیکرٹریز ان مسائل کی نشاندہی کرکے محکمہ منصوبہ بندی و ترقی کو بروقت آگاہ کرےں تاکہ اُن رُکاوٹوں کو بروقت دور کرکے ان کی بروقت تکمیل کو یقینی بنایا جاسکے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ فارن فنڈڈ پراجیکٹس عوامی مفاد کے اہم منصوبے ہےں اور ان پر عملدرآمد میں غیر ضروری تاخیر کسی صورت قابل قبول نہیں ہوگی۔ وزیراعلیٰ نے کرم تنگی واٹر ریسورس ڈویلپمنٹ پراجیکٹ کو انتہائی اہمیت کا حامل قرار دیتے ہوئے اس پر عملدرآمد کی رفتار کو تیز کرنے کے لئے متعلقہ حکام کا خصوصی اجلاس بلاکر لائحہ عمل تیار کرنے کی ہدایت کی ہے۔ محمد اعظم خان نے ضم اضلاع میں انفراسٹرکچر کی تعمیر کے منصوبوں کوبھی انتہائی اہم قرار دیتے ہوئے متعلقہ حکام کو ان اضلاع میں انفراسٹرکچر ڈویلپمنٹ پراجیکٹس کی بروقت تکمیل پر خصوصی توجہ دینے کی ہدایت کی ہے اور کہا ہے کہ ان منصوبوں کی بروقت تکمیل سے ضم اضلاع کے لوگوں کی مشکلات کو کم کرنے میں مددملے گی۔