News Details
09/09/2023
نگران وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمد اعظم خان نے جمعہ کے روز مختلف ضم اضلاع سے تعلق رکھنے والے مستحق افراد میں خصوصی فنڈز سے مالی امداد تقسیم کی
نگران وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمد اعظم خان نے جمعہ کے روز مختلف ضم اضلاع سے تعلق رکھنے والے مستحق افراد میں خصوصی فنڈز سے مالی امداد تقسیم کی ۔امداد وصول کرنے والوں میں زیادہ تر بیمار اور نادارافراد شامل تھے ۔واضح رہے کہ قبائلی اضلاع کے عوام کے ساتھ گزشتہ ہفتہ وارملاقاتوں کے دوران بعض مستحق افراد نے وزیراعلیٰ سے مالی امداد کی درخواست کی تھی جس پر وزیراعلیٰ نے اپنے خصوصی فنڈ سے ان افراد کی مدد کرنے کا فیصلہ کیا تھا ۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ صوبائی حکومت کو ضم اضلاع کے عوام کی مشکلات اور مسائل کا بخوبی ادارک ہے اور نگران حکومت ان کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کیلئے اقدامات کر رہی ہے ۔ اُنہوںنے کہاکہ قبائلی اضلاع کے عوام کے ساتھ ہفتہ وار ملاقاتوں میں سامنے آنے والے مسائل کے حل پر کام جاری ہے اور ایک ایک کرکے تمام مسائل کو حل کیا جائے گا۔ گزشتہ 70 سالوں کے دوران قبائلی اضلاع کے عوام بہت زیادہ مشکلات سے دور چار ہوئے ہیںاور ہماری کوشش ہے کہ ان محرومیوں کا ازالہ کریں اوردرپیش مسائل کو مستقل بنیادوں پر حل کریں۔ اُنہوںنے واضح کیا کہ حکومت ضم اضلاع کے لوگوں کے مسائل حل کرنے اور ان کی امداد کا سلسلہ آئندہ بھی جاری رکھے گی ۔ امداد وصول کرنے والوں نے انتہائی کم وقت میں مالی امداد کی فراہمی پر وزیراعلیٰ کا شکریہ ادا کیااور کہا کہ نگران وزیراعلیٰ قبائلی اضلاع کے مسائل کے حل میں خصوصی دلچسپی لے رہے ہیںجس پر تمام ضم اضلاع کے عوام ان کے مشکور ہیں۔