News Details
06/09/2023
نگران وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمد اعظم خان کاضم شدہ قبائلی اضلاع کی تیز رفتار ترقی کے لئے یو این ڈی پی سمیت دیگر بین الاقوامی ترقیاتی اداروں کے تعاون کی ضرورت پر زور
نگران وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمد اعظم خان نے ضم شدہ قبائلی اضلاع کی تیز رفتار ترقی کے لئے یو این ڈی پی سمیت دیگر بین الاقوامی ترقیاتی اداروں کے تعاون کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ سابقہ قبائلی علاقوں میں دہائیوں پر محیط بد امنی کی وجہ سے وہاںکے لوگ بہت زیادہ متاثر ہوئے ہیں ، ان ضم اضلاع کے عوام کی محرومیوں کا ازالہ کرنے اور ان اضلاع کو بندوبستی اضلاع کے برابر لانے کے لئے حکومت کے ساتھ ساتھ یو این ڈی پی اور دیگر ڈونر ایجنسیوں کی خصوصی توجہ کی بھی ضرورت ہے اور ضم اضلاع میں بنیادی انفراسٹرکچر کی تعمیرمیںڈونر ایجنسیوں کی معاونت درکار ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کے روز یو این ڈی پی کے ایک وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا جس نے ادارے کے ریزیڈنٹ ریپریزنٹیٹیو سیموئیل رزک کی سربراہی میں وزیراعلیٰ ہاو ¿س پشاور میں اُن سے ملاقات کی ۔ ملاقات میں صوبے میں یو این ڈی پی کے تعاون سے چلنے والے مفاد عامہ کے مختلف پروگراموں ، یو این ڈی پی اور صوبائی حکومت کے درمیان معاونت کے دائرہ کار کو مزید بڑھانے سے متعلق معاملات پر تبادلہ خیا ل کیا گیا۔ نگران وزیراعلیٰ نے کہا کہ نگران صوبائی حکومت سماجی شعبوں میں یو این ڈی پی کے تکنیکی اور مالی تعاون کو سراہتی ہے اور اُمید ہے کہ یو این ڈی پی اور صوبائی حکومت کے درمیان اشتراک کار اور معاونت کا یہ سلسلہ آئندہ بھی جاری رہیگا۔ نگران وزیراعلیٰ نے یو این ڈی پی کو ضم اضلاع میں تعاون کو بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا اور کہا کہ سابقہ قبائلی علاقوں کا خیبرپختونخوا میں انضمام ایک احسن اقدام ہے لیکن وہاں پر تیز رفتار ترقی کے لئے مربوط اور سنجیدہ کوششوں کی ضرورت ہے اور ان اضلاع میں امن و امان کو بہتر بنانے کے لئے پولیس فورس کو مستحکم کرنے کی ضرورت ہے ۔ نگران وزیراعلیٰ نے یو این ڈی پی کو صوبے باالخصوص ضم اضلاع میں دیہی ترقی کے شعبے میں کمیونٹی کے اشتراک سے کام کرنے کی تجویز دیتے ہوئے کہا کہ دیہی علاقوں کی ترقی کے لئے کمیونٹی آرگنائزیشنز کے اشتراک سے کام کرنے کے بہتر نتائج سامنے آئیں گے اور ترقیاتی منصوبوں میں مقامی آبادی کی شراکت سے ان منصوبوں کے زیادہ سے زیادہ ثمرات عوام تک براہ راست منتقل کئے جاسکتے ہیں۔ نگران وزیراعلیٰ نے ملاقات میں صوبے خصوصاً نوجوان نسل میں منشیات کے استعمال کے بڑھتے ہوئے رحجان پرتشویش کا اظہار کرتے ہوئے منشیات کی روک تھام کے لئے ڈونر ایجنسیوں کی معاونت کی ضرورت پر زور دیا ۔ نگران وزیراعلیٰ نے صوبائی حکومت کی جانب سے یو این ڈی پی پروگرام پر عملدرآمد کے سلسلے میں ادارے کو ہر ممکن تعاون فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی اور کہا کہ صوبائی حکومت عوامی مفاد کے منصوبوں کے لئے بھرپور تعاون فراہم کرے گی۔ یو این ڈی پی کے ریزیڈنٹ ریپریزنٹیٹیو سیموئیل رزک نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ یو این ڈی پی خیبرپختونخوا میں مختلف سماجی شعبوں میں صوبائی حکومت کو معاونت فراہم کر رہی ہے ۔ اس سلسلے میں مرجڈایریاز، گورننس پروگرام، رول آف لاءپراجیکٹ ، معاشی بحالی کا پروگرام ، ایکو ٹووارزم ، ایچ آئی وی ایڈز پروگرام، فلڈ ریکوری پروگرام، گلوف وغیرہ یو این ڈی پی کے اہم منصوبے ہےں۔ انہوں نے کہا کہ اس منصوبوں پر عملدرآمد میں صوبائی حکومت کے متعلقہ محکموں اور یو این ڈی پی کے مابین مربوط روابط قائم ہے اور مستقبل میں یو این ڈی پی صوبائی حکومت کے ساتھ اشتراک کار کو مزید وسعت دے گی۔