News Details

15/08/2023

خیبرپختونخوا میں 14 اگست (یوم آزادی) کی مرکز ی تقریب سول سیکرٹریٹ پشاور میں منعقد ہوئی

خیبرپختونخوا میں 14 اگست (یوم آزادی) کی مرکز ی تقریب سول سیکرٹریٹ پشاور میں منعقد ہوئی ۔ نگران وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمد اعظم خان نے تقریب میں بحیثیت مہمان خصوصی شرکت کی اور پرچم کشائی کرکے تقریب کا آغاز کیا ۔چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا ندیم اسلم چوہدری ، انسپکٹر جنرل آف پولیس اختر حیات خان گنڈا پور، ایڈیشنل چیف سیکرٹری زبیر اصغر قریشی ، وزیراعلیٰ کے پرنسپل سیکرٹری امجد علی خان، صوبائی انتظامی سیکرٹریز ، ضلعی انتظامیہ کے افسران، سول سوسائٹی اراکین،میڈیا نمائندگان اور سکول طلباءنے بھی تقریب میں شرکت کی ۔ پولیس کے چاق و چوبند دستے نے یوم آزادی کے موقع پر قومی پرچم کو سلامی دی اور قومی ترانے کی دھن بجائی گئی۔وزیراعلیٰ محمد اعظم خان نے اس موقع پر یوم آزادی کا کیک کاٹا اور سول سیکرٹریٹ کے احاطے میں جشن آزادی کے سلسلے میں پودا بھی لگایا۔ سکول کے طلباءنے جشن آزادی کی مناسبت سے ملی نغمہ پیش کرکے تقریب کو چار چاند لگائے ۔ اس موقع پر سول سیکرٹریٹ کی عمارت کو برقی قمقموں اور قومی پرچموں سے سجایا گیا تھا۔ بعدازاں وزیراعلیٰ محمد اعظم خان نے جشن آزادی کی مناسبت سے پولیس لائنز پشاور کا دورہ کیا اور یادگار شہداءپر حاضری دی ۔وزیراعلیٰ نے شہداءکو خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے یادگار شہداءپر گلدستہ رکھا اور شہداءکے درجات کی بلندی کیلئے فاتحہ خوانی کی ۔ چیف سیکرٹری ، انسپکٹر جنرل آف پولیس اور دیگر حکام بھی وزیراعلیٰ کے ہمراہ تھے۔