News Details
14/08/2023
چودہ اگست (یوم آزادی)کے موقع پر نگران وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کا پیغام
نگران وزیر اعلی خیبر پختونخوا محمد اعظم خان نے وطن عزیز کی آزادی کے موقع پر پوری قوم باالخصوص خیبرپختونخوا کے عوام کو دلی مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ مملکت خدادادکی بقاءو سلامتی اور اس کی ترقی و خوشحالی کے لیے تجدیدِ عہد کا دن ہے، پاکستان بلا شبہ برصغیر کے مسلمانوں کی ایک طویل جدوجہد اور عظیم قربانیوں کا ثمر ہے، آج ہم اپنے اسلاف کی ان قربانیوں اور جدو جہد کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں اور اس عزم کا اعادہ کرتے ہیں کہ ہم وطن عزیز کو ایک عظیم ملک بنانے کے لئے ان نظریات پر کار بند رہیں گے جو اس مملکت خداداد کے حصول کی بنیاد ہیں۔ پاکستان کی 76 ویں سالگرہ کے موقع پر یہاں سے جاری اپنے ایک بیان میں وزیر اعلی نے کہا ہے کہ پاکستان کا قیام لاکھوں مسلمانوں کی قربانیوں کا نتیجہ ہے جن کی وجہ سے آج ہم پر امن فضا میں سانس لے رہے ہیں۔ یہ بلاشبہ ہمارے اسلاف کا ہم پر ایک عظیم احسان ہے، اس لئے اب اس مملکت خداداد کو حقیقی معنوں میں ایک آ زاد فلاحی ریاست اور ترقیافتہ ملک بنانا ہم سب کا اجتماعی فریضہ ہے۔ اس مقصد کیلئے معاشرے کے تمام طبقات کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ وطن سے محبت کا اولین تقاضا ہے کہ ہم علاقائی ، نسلی اورلسانی امتیازات اور تمام تر ذاتی وابستگیوں سے بالاتر ہو کر ملک کی حقیقی آزادی اور ترقی کیلئے یکجا ہو جائیں۔ہم آزادی کیلئے پیش کی گئی لاکھوں قربانیوں کی قیمت تو نہیں چکاسکتے البتہ آزادی کے حقیقی مقاصد حاصل کرکے اپنے اسلاف کے خواب کو شرمندہ تعبیر کر سکتے ہیں۔ اس مقصد کے لیے ملک کو داخلی ، خارجی اور مالی بحرانوں سے نکالنے اور معاشی استحکام کیلئے ایک آزادانہ اور دیرپا حکمتِ عملی کی ضرورت ہے کیونکہ مالی خودکفالت اور معاشی استحکام ناقابل تسخیر قومی دفاع کیلئے ناگزیر ہے۔آئیں آج کے دن ہم سب اس عہد کی تجدید کریں کہ ہم بانیان پاکستان کے وژن کے مطابق پاکستان کو ایک عظیم ملک بنانے کے لئے اپنا کردار بطریق احسن ادا کریں گے اور ہم قومی مفادات کو سیاسی اور ذاتی مفادات پر ترجیح دیں گے۔ اس موقع پر وزیر اعلی نے تحریک آزادی کے شہداءسمیت پاکستان کے دفاع و سلامتی کیلئے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے مسلح افواج، پولیس اور دیگر اداروں کے جوانوں کو بھی خراج عقیدت پیش کیا ہے۔