News Details

12/08/2023

نگران وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمد اعظم خان نے جمعہ کے روز نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف مینجمنٹ پشاور کا دورہ کیا

نگران وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمد اعظم خان نے جمعہ کے روز نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف مینجمنٹ پشاور کا دورہ کیا جہاں اُنہوںنے 33 ویں سینئر مینجمنٹ کورس کی پاس آوٹ تقریب میں بحیثیت مہمان خصوصی شرکت کی اور کورس مکمل کرنے والے مختلف سروس گروپس کے افسران میں اسناد تقسیم کیں ۔ تقریب کے شرکاءسے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کورس مکمل کرنے والے افسران کو مبارکباددیتے ہوئے کہاکہ بہتر طرز حکمرانی کیلئے سول سرونٹس کی استعداد کار میں اضافہ ضروری ہے ،سینئر مینجمنٹ کورس سرکاری افسران کی پیشہ وارانہ صلاحیتوں کو مزید بہتر بنانے کیلئے بنیادی اہمیت کا حامل ہے، اس سے افسران کی استعداد کار میں اضافہ ہوتا ہے اور اُمید ہے کہ یہ کورس مکمل کرنے والے افسران عوامی خدمات کی انجام دہی کا سلسلہ مزید بہتر انداز میں جاری رکھیں گے ۔ سول سرونٹس کو جدید طرز پر تربیت کی فراہمی کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہاکہ سول سرونٹس کو تسلسل کے ساتھ جدید تقاضوں سے ہم آہنگ پیشہ وارانہ تربیت کی فراہمی وقت کی اشد ضرورت ہے ۔ عوامی خدمات کی فراہمی کے اُصولوں پر روشنی ڈالتے ہوئے محمد اعظم خان نے کہاکہ اس سلسلے میں تین بنیادی اُصولوں میں سے سب سے پہلا اُصول مائنڈ سیٹ کا ہے ، سرکاری ملازمین عوام کے حاکم نہیں بلکہ خادم ہیں کیونکہ اُنہیں عوام کے ٹیکسوں سے تنخواہ ملتی ہے ۔ دوسرا اہم اُصول ہے کہ سول سرونٹس کو ہر قسم کی سیاسی وابستگی سے بالا ترہونا چاہیئے، پالیسی سازی حکومت وقت کاکام ہے اور سرکاری ملازم کاکام اس پالیسی پر عمل درآمد کرنا ہے، اُنہیں چاہیئے کہ وہ پالیسی سازی میں حکومت وقت کو دیانتدار اور حقیقت پسندانہ تجاویز دیں۔اُنہوںنے سول سرونٹس پر زور دیا کہ وہ اس سلسلے میں بابائے قوم قائداعظم محمد علی جناح کے بتائے ہوئے رہنما اُصولوں پر سختی سے کاربند رہیں۔ وزیراعلیٰ نے مزیدکہاکہ سول سروس کا تیسرا بنیادی اُصول شفافیت ہے، ایک ترقیافتہ ملک بننے کیلئے یہ اشد ضروری ہے کہ ہم جملہ سرکاری اُمور اور عوامی خدمات میں شفافیت کو فروغ دیں اور عزت و وقار ، دیانتداری اور انصاف کی اعلیٰ اقدار کو قائم رکھیں ۔ اُنہوںنے شرکاءپر زور دیا کہ وہ عوام کے اعتماد اور فلاح و بہبود کے امین کی حیثیت سے اپنی بھر پور صلاحیتوں کے ساتھ خدمات کی انجام دہی کریں ۔ اُنہوںنے کہاکہ سرکاری افسران سے عوام کی بڑی توقعات وابستہ ہوتی ہیں اور مجھے قوی اُمید ہے کہ تربیت حاصل کرنے کے بعد آپ اُن عوامی توقعات پر پورا اُترنے کیلئے اپنی تمام تر صلاحیتیں بروئے کار لائیں گے ۔ اس موقع پر وزیر اعلیٰ نے نیشنل انسٹیٹیوٹ آف منیجمنٹ کی انتظامیہ کو 5 کروڑ روپے کی گرانٹ ان ایڈ کا چیک حوالے کیا اور ادارے کے سبزہ زار میں مون سون شجر کاری مہم کے تحت پودا بھی لگایا