News Details
05/08/2023
یوم استحصال کشمیر کے حوالے سے نگران وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کا بیان
یوم استحصال کشمیر کے حوالے سے نگران وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کا بیان
نگران وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوامحمد اعظم خان نے مقبوضہ کشمیرکے عوام پر بھارت کے ظلم وستم خصوصاً گزشتہ چارسالوں سے غیر قانونی لاک ڈاﺅن کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ مقبوضہ کشمیر کے عوام گزشتہ سات دہائیوں سے بھارت کی ریاستی دہشت گردی کا شکار ہیں۔ بھارت نے اس عرصہ کے دوران کشمیری عوام کو ان کے بنیادی حق" حق خودارادیت " سے محروم رکھنے کیلئے ظلم و ستم کی انتہاءکررکھی ہے ۔اُنہوں نے کہاکہ فاشسٹ بھارتی حکومت کے تمام تر ظالمانہ ہتھکنڈوں کے باوجود جب کشمیری عوام اپنے حق کیلئے ڈٹ کرکھڑے ہیں تو بھارتی حکومت نے 5 اگست 2019 کو بھارت کے آئین میں شامل مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت (آرٹیکل۔370 ) کاخاتمہ کرکے مظلوم کشمیری عوام پر ظلم و ستم کی ایک نئی داستان کا آغاز کیا جو انسانی حقوق کے بین الاقوامی اداروں کیلئے لمحہ فکریہ ہے۔یوم استحصال کشمیر کے حوالے سے یہاں جاری اپنے خصوصی بیان میں نگران وزیراعلیٰ نے کہاکہ ہم بھارت کی طرف سے مقبوضہ کشمیر میں گزشتہ چار سالوں سے جاری بدترین ریاستی دہشت گردی کی مذمت کرتے ہیں اور کشمیری عوام کے حق خود ارادیت کی اخلاقی ، سیاسی اور سفارتی سطح پر حمایت جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کرتے ہیں۔وزیراعلیٰ نے کہاکہ ہمارے نہتے کشمیری عوام بھارتی ظلم و جبر کے سامنے سینہ سپر ہیں اور تشویش کی بات یہ ہے کہ انسانی حقوق کے علمبردار عالمی اداروں اور اقوام متحدہ کی قرارداد وں کے باوجود کشمیری مسلمانوں پر ظلم ہو رہا ہے۔ وزیراعلیٰ نے اس موقع پر بین الاقوامی طاقتوں، اقوام متحدہ اور انسانی حقوق کی دیگر تنظیموں سے پر زور مطالبہ کیا ہے کہ وہ بھارت کی طرف سے کشمیری عوام پر ظلم وستم کا نوٹس لیں اور انہیں ان کی مرضی سے جینے کا حق دلانے میں اپنا کردار ادا کریں ۔ محمد اعظم خان نے کہا کہ اقوام متحدہ کی قراردادوں کی روشنی میں کشمیری عوام کی خواہشات اور استصواب رائے سے مسئلہ کشمیر حل کیا جائے کیونکہ اس پورے خطے کا امن مسئلہ کشمیر کے حل سے وابستہ ہے ۔اُنہوں نے اس موقع پر بھارتی غاصبانہ قبضے کے خلاف برسرپیکارجرات مند کشمیری مسلمانوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے یقین دلایا کہ خیبر پختونخوا کی حکومت اور عوام ہمیشہ کی طرح کشمیری عوام کے ساتھ کھڑے ہیں اور ہر فورم پر اُن کی جدوجہد آزادی کی حمایت جاری رکھیں گے ۔