News Details
28/07/2023
عاشورہ محرم کے موقع پرنگران وزیراعلیٰ محمد اعظم خان کا پیغام
عاشورہ محرم کے موقع پرنگران وزیراعلیٰ محمد اعظم خان کا پیغام
نگران وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمد اعظم خان نے کہا ہے کہ واقعہ کربلا حق و باطل کے درمیان ایک عظیم معرکہ تھا جس میں نواسہ رسول امام عالی مقام حضرت امام حسینؓ نے دین اسلام کی سربلندی کےلئے لازوال اوربے مثال قربانی پیش کی جو رہتی دنیا تک یاد رکھی جائے گی۔ کربلا کا واقعہ ہمیں ایثار، قربانی، حق کی حمایت ، باطل کی مخالفت اور ظلم کے خلاف ڈٹ جانے کا درس دیتا ہے جس پر عمل پیرا ہو کر مسلمان نہ صرف اپنی عظمت رفتہ کو بحال کر سکتے ہیں بلکہ دنیا میں انسانیت کے استحصال اور ظلم کا خاتمہ کر کے پائیدار امن بھی قائم کر سکتے ہیں۔ عاشورہ محرم کی مناسبت سے یہاں سے جاری اپنے پیغام میں وزیراعلیٰ نے کہاکہ سانحہ کربلا تاریخ کے نااہل حکمرانوں کے ظلم و بربریت پر مبنی ایک واقعہ ہے جس میں پوری انسانیت کےلئے عظیم درس پوشیدہ ہے۔ امام عالی مقام یزیدی ظلم و جبر کے خلاف حق کے علمبردار تھے، آپ نے ظالم و جابر حکمرانوں اورانکی انسانیت دشمن پالیسیوں کے خلاف اٹھ کھڑے ہونے کا درس دیااور اپنے پورے خاندان کی قربانی دی اور حق و صداقت کی بالادستی کیلئے صبر و استقامت کی عظیم مثالیں قائم کیں۔انہوں نے کہاکہ وقت کا تقاضا ہے کہ ہم ظلم و لاقانونیت کے خلاف متحد ہو جائیں، آپس میں الجھنے کی بجائے ان الجھنوں کا سبب بننے والے عوامل کا قلع قمع کریں،غلبہ اسلام اور استحکام پاکستان کے لیے ایک زندہ قوم کے طور پر ظلم اورنا انصافی کے خلاف اُٹھ کھڑے ہوں۔ محمداعظم خان نے اس بات پر زور دیا ہے کہ اس مبارک مہینہ کے دوران امن و امان کو یقینی بنانے کیلئے مسلکی ہم آہنگی کو ہر حال میں برقرار رکھا جائے۔ انہوں نے تمام مکاتب فکر کے علماءاور عوام سے فرقہ وارانہ ہم آہنگی کو فروغ دینے کے لئے اپنا مثبت کردار ادا کرنے کی اپیل کی ہے۔
<><><><><><><><>