News Details
21/07/2023
نگران وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمد اعظم خان کا رشکئی سپیشل اکنامک زون کے فیز ون کی افتتاحی تقریب سے خطاب
نگران وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمد اعظم خان نے کہا ہے کہ رشکئی سپیشل اکنامک زون کے فیز ون کی کامیاب تکمیل نہ صرف معاشی ترقی کیلئے ایک اہم سنگ میل کی حیثیت رکھتی ہے بلکہ سی پیک کے مجموعی سفر کیلئے بھی انتہائی اہمیت کی حامل ہے۔ 2013 میں شروع کئے گئے سی پیک منصوبے سے پاکستان اور چین کے مابین تعاون اور ترقی کے ایک نئے دور کا آغاز ہوا جس کی وجہ سے دونوں ممالک کے مابین دو طرفہ تعلقات بھی مزید مضبوط ہوں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کے روز رشکئی اسپیشل اکنامک زون کے فیز ون کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ نگران کابینہ اراکین بیرسٹر فیروز جمال شاہ کاکا خیل، منظور آفریدی اور پیر ہارون شاہ کے علاوہ چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا ندیم اسلم چوہدری اور دیگر سرکاری حکام بھی تقریب میں شریک تھے۔ واضح رہے کہ رشکئی اسپیشل اکنامک زون کا قیام سی پیک کے تحت ترجیحی منصوبوں میں شامل ہے ۔ منصوبے کا فیز ون کامیابی سے مکمل کر لیا گیا ہے جس کا وزیراعلیٰ محمد اعظم خان نے باضابطہ افتتاح کیا ہے ۔ اس موقع پر نگران وزیراعلیٰ کو رشکئی اسپیشل اکنامک زون کے فیز ون سے متعلق بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ 247 ایکڑ رقبے پر محیط فیز ون میں 18 زون انٹرپرائزز موجود ہےں جن میں 7 انٹر پرائزز زیر تعمیر ہےں۔ مزید بتایاگیا کہ فیز ون سے 85 ارب روپے کی سرمایہ کاری متوقع ہے۔ منصوبے کے تحت مقامی اور بیرونی سرمایہ کاروں کے لئے جدید ترین سہولیات مہیا کی گئی ہےں۔ محمد اعظم خان نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ رشکئی اسپیشل اکنامک زون کے فیز ون کا افتتاح ہمارے لئے ایک فخر اور اعزاز کی بات ہے ۔ اس منصوبے کی کامیاب تکمیل پر صوبے کے عوام کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ محمد اعظم خان نے رشکئی اکنامک زون کے تصور کو حقیقت میں تبدیل کرنے اور فیز ون کی تیز رفتار تکمیل یقینی بنانے پر چائنہ بریج اینڈ روڈ کارپوریشن اور کے پی ازمک کو خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ فیز ون کی کامیاب تکمیل شراکت داروں کے غیر متزلزل عزم اور محنت کا نتیجہ ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ رشکئی اسپیشل اکنامک زون میں سرمایہ کاروں کو بہترین ماحول اور سہولیات فراہم کرنے پر کے پی ازمک داد کی مستحق ہے ۔ اعظم خان کا کہنا تھا کہ سی پیک منصوبہ چائنہ پاکستان تعلقات کی مضبوطی کا ایک عملی ثبوت ہے ۔ ہمیں امید ہے کہ سی پیک کے تحت شروع کیا گیا رشکئی اسپیشل اکنامک زون صنعت اور ٹیکنالوجی کے فروغ اور ہنر مند افرادی قوت پیدا کرنے کے ساتھ ساتھ مجموعی معاشی سرگرمیوں کا مرکز بنے گا۔ انہوں نے کہا کہ رشکئی اکنامک زون معاشی ترقی کے لئے ایک گیم چینجر منصوبہ ہے جس سے لاکھوں لوگوں کو روزگار کے مواقع میسر آئیں گے۔
<><><><><><><