News Details

20/07/2023

نگران وزیراعلیٰ محمد اعظم خان کی باڑہ دھماکے اور ریگی میں پولیس چیک پوسٹ پر فائرنگ کے واقعات کی مذمت وزیراعلیٰ کا حیات آباد میڈیکل کمپلیکس پشاور کا دورہ ،زخمیوں کی عیادت

نگران وزیراعلیٰ محمد اعظم خان کی باڑہ دھماکے اور ریگی میں پولیس چیک پوسٹ پر فائرنگ کے واقعات کی مذمت وزیراعلیٰ کا حیات آباد میڈیکل کمپلیکس پشاور کا دورہ ،زخمیوں کی عیادت نگران وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمد اعظم خان نے ضلع خیبر کی تحصیل باڑہ میں دھماکے اور پشاور کے علاقے ریگی میں پولیس چیک پوسٹ پر فائرنگ کے دلخراش واقعات کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے اور پولیس اہلکاروں کی شہادت پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔ جمعرات کے روز یہاں سے جاری مذمتی بیان میں وزیر اعلیٰ نے کہا کہ عوام کے جان و املاک کی حفاظت پر مامور پولیس اہلکاروں کو نشانہ بنانا انتہائی غیر انسانی فعل ہے جس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے۔ انہوں نے شہید پولیس اہلکاروں کے لواحقین سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا اور دعا کی کہ اللہ تعالیٰ شہداءکے درجات بلند فرمائے اور ان کے لواحقین کو یہ ناقابل تلافی نقصان صبر و استقامت کے ساتھ برداشت کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔ بعد ازاں وزیر اعلیٰ نے حیات آباد میڈیکل کمپلیکس پشاور کا دورہ بھی کیا جہاں انہوں نے مذکورہ باڑہ تحصیل کمپاو ¿نڈ دھماکے میں زخمی ہونے والے اہلکاروں کی عیادت کی۔ نگران صوبائی وزیر بیرسٹر فیروز جمال شاہ کاکا خیل ، مشیر صحت ڈاکٹر ریاض انور اور متعلقہ سرکاری حکام بھی وزیراعلیٰ کے ہمراہ تھے۔ وزیر اعلیٰ نے زخمی افراد سے فرداً فرداً ملاقات کی اور ان سے خیریت دریافت کی۔ محمد اعظم خان نے زخمیوں کی جلد صحتیابی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا اور ہسپتال انتظامیہ کو ہدایت کی کہ زخمیوں کو بہترین طبی سہولیات کی فراہمی میں کوئی کسر نہ چھوڑی جائے۔ اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے کہا کہ وہ مذکورہ واقعات کی بھرپور مذمت کرتے ہیں، حکومت اور تمام متعلقہ ادارے مل کر بدامنی کے واقعات کے تدارک کے لیے کوشاں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ امن عامہ کے قیام اور عوام کے تحفظ کے لیے ہماری سیکیورٹی فورسز نے لازوال قربانیاں دی ہیں جو تاریخ کے اوراق میں جلی حروف میں لکھی جائیں گی۔ پوری قوم شہداءکی قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کرتی ہے۔ وزیر اعلیٰ کا کہنا تھا کہ صوبائی حکومت متاثرہ خاندانوں کے غم میں برابر کی شریک ہے اور انہیں کسی صورت تنہا نہیں چھوڑے گی۔ ہماری سیکیورٹی فورسز کے اہلکار اپنی جان ہتھیلی پر رکھ کر امن عامہ کے استحکام کے لیے کوشاں ہیں،ہم ان کی ہمت اور جذبہ حب الوطنی کو سلام پیش کرتے ہیں۔ ہم کسی صورت بھی ان کی قربانیوں کو رائیگاں نہیں جانے دیں گے۔ <><<><><><