News Details
18/07/2023
نگران وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمد اعظم خان سے منگل کے روز پولیو اوور سائٹ بورڈ کے چیئرمین ڈاکٹر کرسٹوفرایلس کی قیادت میں ایک وفد نے وزیر اعلیٰ ہاوس پشاور میں ملاقات
نگران وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمد اعظم خان سے منگل کے روز پولیو اوور سائٹ بورڈ کے چیئرمین ڈاکٹر کرسٹوفرایلس کی قیادت میں ایک وفد نے وزیر اعلیٰ ہاوس پشاور میں ملاقات کی۔ ملاقات میں خیبر پختونخوا بالخصوص جنوبی اضلاع میں پولیو وائرس کے خاتمے بارے حکمت عملی پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا ندیم اسلم چوہدری، وزیر اعلیٰ کے پرنسپل سیکرٹری امجد علی خان اوردیگر متعلقہ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے جبکہ پولیو اوور سائیٹ بورڈ وفد کے دیگر اراکین میں ریجنل ڈائریکٹر ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن ڈاکٹر احمد الماندھری، ایکٹنگ ریجنل ڈائریکٹر یونیسیف اور کینیڈا کی ہائی کمشنر برائے پاکستان کے علاوہ روٹری انٹرنیشنل، بل اینڈ ملنڈا گیٹس فاونڈیشن(بی ایم جی ایف) اور دیگر متعلقہ فورمز کے نمائندے شامل تھے۔ اس موقع پر خیبر پختونخوا سے پولیو کے مکمل خاتمے کے لیے مشترکہ جدوجہد جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا گیا اور اس مقصد کے لیے جنوبی اضلاع کے مخصوص علاقوں میں خصوصی اقدامات اٹھانے کی ضرورت سے اتفاق کیا گیا۔ وزیر اعلیٰ محمد اعظم خان نے پولیو اوور سائیٹ بورڈ کے وفد کو خوش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ صوبائی حکومت پولیو وائرس کے خاتمے کے لیے تمام شراکت داروں کے کردار کو سراہتی ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ خیبرپختونخوا کو پولیو فری بنانا ہمارا حتمی ہدف ہے اور اس مقصد کے حصول کے لیے ٹھوس اور مربوط حکمت عملی کے تحت اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں۔ وہ بچے جو اب تک انسداد پولیو کوریج سے باہر ہیں اور انہوں نے تاحال انسداد پولیو کی ایک بھی خوراک نہیں لی، ان تک رسائی حاصل کرنے اور ان کو انسداد پولیو کے قطرے پلانے کے لیے خصوصی مہم جاری ہے۔ محمد اعظم خان کا کہنا تھا کہ نئی نسل کو صحت مند اور محفوظ مستقبل دینے کے لیے پولیو کا خاتمہ ناگزیر ہے،حکومت کی کوشش ہے کہ زیادہ سے زیادہ بچوں کو انسداد پولیو کے قطرے پلائے جائیں، انہوں نے کہا کہ اس مقصد کے لیے عوامی سطح پر شعور اجاگر کرنے کی ضرورت ہے، لوگوں کو یہ باور کرانا ہو گا کہ یہ ان کے بچوں کے مستقبل کا معاملہ ہے، والدین کی اس معاملے میں غیر سنجیدگی بچوں کے لیے ناقابل تلافی نقصان کا باعث بن سکتی ہے۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ اس سلسلے میں رائے عامہ ہموار کرنے والے طبقات خصوصی طور پر اہل علم اور مقامی عوامی نمائندوں کا کردار بڑی اہمیت کا حامل ہے۔ پولیو اوور سائٹ بورڈ کے اراکین نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے پولیو کے مکمل تدارک کے لیے صوبائی حکومت کے عزم اورصوبائی انسداد پولیو ٹیم کی کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ پولیو وائرس کے مکمل خاتمے کے لیے اوور سائیٹ بورڈ بھرپور تعاون فراہم کرے گا۔
<><><><><>