News Details

17/07/2023

نگران وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمد اعظم خان کی زیر صدارت پیر کے روز محرم الحرام کے حوالے سے ایک اہم اجلاس

نگران وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمد اعظم خان کی زیر صدارت پیر کے روز محرم الحرام کے حوالے سے ایک اہم اجلاس سول سیکرٹریٹ پشاور میں منعقد ہوا جس میں ماہ محرم کے دوران امن و امان کو برقرار رکھنے کے لئے مجوزہ سیکیورٹی پلان اور دیگر انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔نگران صوبائی وزراءمسعود شاہ اور فیروز جمال شاہ کاکا خیل کے علاوہ انسپکٹر جنرل آ ف پولیس اختر حیات خان گنڈا پور، کمانڈنٹ فرنٹیئر کانسٹبلری معظم جاہ انصاری، سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو اکرام اللہ خان، وزیراعلیٰ کے پرنسپل سیکرٹری امجد علی خان، متعلقہ محکموں کے انتظامی سیکرٹریز اور دیگر متعلقہ سول و عسکری حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔ علاوہ ازیں چیف سیکرٹری ندیم اسلم چوہدری اور ڈویژنل کمشنرز اور ریجنل پولیس افسران بھی بذریعہ ویڈیو لنک اجلاس میں شریک تھے۔ اجلاس کو محرم الحرام کے دوران امن و امان کو برقرار رکھنے کے لئے مرتب کردہ پلان پر تفصیلی بریفنگ دی گئی اور آگاہ کیا گیا کہ ماہ محرم کے حوالے سے ایس او پیز تمام اسٹیک ہولڈرز کو فراہم کردئیے گئے ہیں، صوبے میں مجالس اور جلوسوں کی سیکیورٹی کے لئے پولیس ، ایف سی اور پاک فوج کے خصوصی دستے تعینات ہوں گے۔ جلوسوں اور مجالس کی مانیٹرنگ کے لئے موثر اور مربوط حکمت عملی وضع کی گئی ہے اور اس مقصد کے لئے محکمہ داخلہ میں سنٹر ل کنٹرول روم قائم کیا جارہا ہے جس میں تمام متعلقہ اداروں اور محکموں کے نمائندے شامل ہوں گے، یہ کنٹرول روم ہفتہ بھر 24 گھنٹے فعال رہیگا۔ اسی طرح صوبہ بھر میں حساس اضلاع / مقامات کی سیکیورٹی کے لئے خصوصی انتظامات کئے گئے ہیں۔ مجالس اور جلوسوں کی سی سی ٹی وی کیمروں کے ذریعے نگرانی کی جائیگی جبکہ اسلحہ کی نمائش ، ڈبل سواری، نفرت انگیز مواد کی وال چاکنگ کے ذریعے تشہیر وغیرہ پر پابندی عائد کر دی گئی ہے۔ اجلاس کو مزید آگاہ کیا گیا ہے کہ نفرت انگیز مواد کی تشہیر اور منفی پروپیگنڈا کی روک تھام کے سلسلے میں بھی سوشل میڈیا کی مانیٹرنگ کے لئے خصوصی اقدامات تجویز کئے گئے ہیں۔ حساس اضلاع میں موبائل سروسز کی بندش کا شیڈول بھی متعلقہ حکام کو بھیج دیا گیا ہے۔ اسی طرح ماہ محرم کے دوران مسلکی ہم آہنگی کو فروغ دینے اور امن عامہ کو قائم رکھنے کے لئے مختلف مکاتب فکر کے رہنماوں کے ساتھ اجلاس منعقد کئے گئے ہیں، کسی بھی ناخوشگوار واقعہ سے بچنے کے لئے حساس علاقوں میں سرچ اینڈ سٹرائیک آپریشن روزانہ کی بنیاد پر منعقد کئے جارہے ہیں۔ اس کے علاو ¿ہ ہیلتھ رسپانس پلان اور ایمر جنسی رسپانس پلان بھی تشکیل دئیے گئے ہیں۔ ماہ محرم کے دوران خصوصی طور پر جلوسوں اور مجالس کے روٹس پر بجلی کی بلاتعطل فراہمی یقینی بنانے کے لئے بھی متعلقہ حکام کو ہدایات جاری کی گئی ہیں۔ وزیراعلیٰ محمد اعظم خان نے ماہ محرم کے حوالے سے مجوزہ سیکیورٹی پلان اور دیگر انتظامات پراطمینان کا اظہار کرتے ہوئے واضح کیا کہ محرم الحرام کو پر امن طریقے سے گزارنا سب کی اولین ترجیح ہونی چاہئیے اور اس مقصد کے لئے تمام متعلقہ محکموں اور اداروں کو اپنی ذمہ داریاں بطریق احسن سرانجام دینی ہوں گی۔ انہوں نے ماہ محرم کے دوران حساس شہروں کی سیکیورٹی پر بھر پور توجہ مرکوز کرنے کی ہدایت کی۔ وزیراعلیٰ نے مزید ہدایت کی کہ اس امر کو یقینی بنایا جائے کہ سنٹرل کنٹرول روم میں تمام متعلقہ اداروں اور محکموں کے نمائندگان موجود ہوں۔ محمد اعظم خان نے جلوسوں کے لئے مجوزہ روٹس اور مقررہ وقت کی سختی سے پابندی کی بھی ہدایت کی۔ انہوں نے علمائے کرام اور شہریوں سے اپیل کی کہ وہ بین المسالک ہم آہنگی کو فروغ دینے اور امن عامہ کو برقرار رکھنے میں اپنا کردار ادا کریں۔ <><><><><