News Details

28/06/2023

نگران وزیر اعلی خیبر پختونخوا محمد اعظم خان سے منگل کے روز سکھ کمیونٹی کے ایک وفد نے ملاقات کی

نگران وزیر اعلی خیبر پختونخوا محمد اعظم خان سے منگل کے روز سکھ کمیونٹی کے ایک وفد نے ملاقات کی جس میں گزشتہ روز پشاور میں قتل کئے جانے والے شہری من موہن سنگھ اور زخمی ہونے والے ترلوک سنگھ کے ورثاءبھی شامل تھے ۔ نگران صوبائی وزیر برائے ، اوقاف ، حج اور اقلیتی اُمور بیرسٹر فیروز جمال شاہ کاکا خیل ،وزیراعلیٰ کے پرنسپل سیکرٹری امجد علی خان، سیکرٹری اوقاف اور مذہبی اُمور ڈاکٹر اسد علی، سکھ کمیونٹی کے رہنما گورپال سنگھ اور صوبائی حکومت کے دیگر متعلقہ حکام بھی ملاقات میں موجودتھے۔ نگران وزیراعلیٰ اعظم خان نے سکھ شہری من موہن سنگھ کے قتل کے واقعے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے سکھ کمیونٹی اور مقتول کے ورثاءسے تعزیت اور دلی ہمدردی کا اظہار کیا ۔ وفد سے گفتگو کرتے ہوئے اُنہوںنے کہاکہ اقلیتی شہریوں کو نشانہ بنانا انتہائی قابل افسوس عمل ہے ،سکھ برادری کے لوگ انتہائی پرامن اور محب وطن ہیں ،ملکی و قومی تعمیر اور ترقی میں اقلیتی برداری کا کردار قابل ستائش ہے اور نگران صوبائی حکومت اقلیتی برادری کے اس کردار کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے ۔ اُنہوںنے کہاکہ اقلیتی برادری کو نشانہ بنانے کا مقصد ملک میں مذہبی ہم آہنگی کو خراب کرنا ہے لیکن یہ عناصر اپنے مذموم مقاصد میں کبھی کامیاب نہیں ہوں گے ۔ اُنہوںنے کہاکہ حکومت اقلیتی برادری کے تحفظ کو یقینی بنانے کیلئے ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے اور آئندہ بھی ان اقدامات کا سلسلہ جاری رہے گا۔ وزیراعلیٰ نے آئی جی پی کو سکھ کمیونٹی کے ساتھ بیٹھ کر ان کیلئے سکیورٹی پلان ترتیب دینے کی ہدایت کی ہے اور کہا ہے کہ کمیونٹی کی تجاویز کی روشنی میں ان کی سکیورٹی کو بہتر بنانے کیلئے اقدامات کئے جائیں ۔ وزیراعلیٰ نے یہ بھی ہدایت کی کہ سکھ کمیونٹی کے رہائشی اور کاروباری علاقوں میں سکیورٹی کیلئے سی سی ٹی وی کیمروں کی تنصیب سمیت دیگرخصوصی انتظامات کئے جائیں۔ وفد کے اراکین نے ملاقات کیلئے وقت دینے اور سکھ کمیونٹی کی سکیورٹی کو بہتر بنانے کیلئے خصوصی احکامات جاری کرنے پر وزیراعلیٰ اور اُن کی ٹیم کا شکریہ ادا کیا اور کہاکہ صوبائی حکومت ہر مشکل وقت میں اقلیتی برادری کے ساتھ کھڑی رہی ہے اور ہمارے مسائل کے حل کیلئے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات اُٹھائے ہیں۔ بعدازاں وزیراعلیٰ نے مقتول من ہوہن سنگھ اور زخمی ترلوک سنگھ کے ورثاءکو صوبائی حکومت کی جانب سے امدادی چیکس دیئے ۔