News Details

25/06/2023

نگران وزیر اعلی خیبر پختونخوا محمد اعظم خان کاگزشتہ دنوں ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال چارسدہ میں ڈاکٹروں کی فرائض سے غفلت اور مریضوں کے ساتھ نامناسب رویے کا نوٹس

نگران وزیر اعلی خیبر پختونخوا محمد اعظم خان نے گزشتہ دنوں ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال چارسدہ میں ڈاکٹروں کی فرائض سے غفلت اور مریضوں کے ساتھ نامناسب رویے کا نوٹس لیتے ہوئے دو ڈاکٹروںکو معطل کردیا ہے۔ معطل ہونے والے ڈاکٹروں میں میڈیکل آفیسر عدنان اور میڈیکل آفیسر نعمان شامل ہیں۔ ان ڈاکٹروں کے نامناسب رویے سے متعلق ویڈیو وائرل ہونے کے بعد ان کے خلاف انکوائری کا حکم دیا گیا تھا۔ انکوائری میں الزامات ثابت ہونے پر ان دو ڈاکٹروں کو معطل کردیا گیا ہے۔ان ڈاکٹروں کو ای اینڈ رولز کے تحت نوے دنوں کے لئے معطل کر دیا گیا ہے۔ محکمہ صحت خیبر پختونخوا نے اس سلسلے میں باقاعدہ اعلامیہ جاری کردیا ہے۔ اس سلسلے میں یہاں سے جاری اپنے ایک بیان میں وزیر اعلی نے کہا ہے کہ سرکاری ملازمین کی طرف سے عوام کے ساتھ اس طرح کا رویہ کسی صورت قابل قبول نہیں اور فرائض سے غفلت برتنے اور عوام کے ساتھ نامناسب رویہ اپنانے والے سرکاری ملازمین کے خلاف قانون کے مطابق سخت کاروائی عمل لائی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ اس طرح کے چند سرکاری ملازمین کے ایسے نامناسب رویے پوری کمیونٹی کے لئے بدنامی کا باعث بنتے ہیں، سرکاری ملازمین عوام کے خادم ہیں وہ اس طرح کے نامناسب رویے اپنانے سے گریز کریں اور عوام کی صحیح معنوں میں خدمت کو اپنا شعار بنائیں۔