News Details

10/06/2023

نگران وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمد اعظم خان کی زیر صدارت نئے مالی سال کے بجٹ کی تیاری سے متعلق ایک اجلاس جمعہ کے روز منعقد ہوا۔

نگران وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمد اعظم خان کی زیر صدارت نئے مالی سال کے بجٹ کی تیاری سے متعلق ایک اجلاس جمعہ کے روز منعقد ہوا۔ نگران کابینہ اراکین حامد شاہ، بیرسٹر فیروز جمال کاکاخیل اور حمایت اللہ کے علاوہ چیف سیکرٹری ندیم اسلم چوہدری، ایڈیشنل چیف سیکرٹری زبیراصغر قریشی، سیکرٹری خزانہ محمد آیاز اور دیگر متعلقہ حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔ اجلاس میں نئے مالی سال کے بجٹ اور سالانہ ترقیاتی پروگرام کے ابتدائی خدوخال کا جائزہ لیا گیا جبکہ محکمہ خزانہ اور منصوبہ بندی کے حکام کی طرف سے اجلاس کو بجٹ تخمینہ جات اور سالانہ ترقیاتی پروگرام کے مختلف پہلوو ¿ں پر بریفنگ دی گئی۔ اجلاس میں اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ محکمہ خزانہ پورے مالی سال کے لئے بجٹ تیار کرے گاتاہم نگران صوبائی کابینہ سے صرف چار مہینوں کے بجٹ کی منظوری لی جائے گی۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ سرکاری ملازمین کی تنخواہوں اور پنشن میں اضافے سے متعلق کوئی بھی فیصلہ وفاقی بجٹ پیش ہونے کے بعد کیا جائے گا اور نگران صوبائی کابینہ کا بجٹ اجلاس وفاق اور پنجاب کے بجٹ پیش ہونے کے بعد بلایا جائے گا۔ اجلاس میں اگلے مالی سال کے بجٹ میں صحت کارڈ اسکیم کے لئے درکار فنڈز مختص کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا۔ اجلاس میں اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ نئے مالی سال کے سالانہ ترقیاتی پروگرام میں جاری ترقیاتی منصوبوں کو ترجیح دی جائے گی، اور ناگزیر اور انتہائی اہم نوعیت کے ترقیاتی منصوبوں کے علاوہ سالانہ ترقیاتی پروگرام میں کوئی نیا ترقیاتی منصوبہ شامل نہیں کیا جائے گا۔