News Details

26/05/2023

خیبرپختونخوا کو درپیش مالی مسائل کے حل کے لئے نگران وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمد اعظم خان کی میزبانی میں وزیراعلیٰ ہاوس پشاور میں سیاسی جماعتوں کے قائدین کی ایک مشاورتی نشست کا انعقاد کیا گیا

خیبرپختونخوا کو درپیش مالی مسائل کے حل کے لئے نگران وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمد اعظم خان کی میزبانی میں وزیراعلیٰ ہاوس پشاور میں سیاسی جماعتوں کے قائدین کی ایک مشاورتی نشست کا انعقاد کیا گیا جس میں صوبے کے سرگردہ سیاسی قائدین نے شرکت کی جنہیں محکمہ خزانہ کی حکام کی جانب سے صوبے کو درپیش مالی مسائل اور وفاق سے جڑے مالی امور پر بریفنگ دی گئی۔ ان قائدین میں سراج الحق، اکرم خان درانی، آفتاب شیرپاو، ایمل ولی خان، ارباب عالمگیر، امیر مقام ، الحاج شاہ جی گل آفریدی اور دیگر شامل تھے۔ شرکاءکو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ رواں مالی سال اب تک مختلف فیڈرل ٹرانسفر کی مد میں وفاق کے ذمے 180 ارب روپے واجب الادا ہے۔ انضمام کے وقت ضم اضلاع کے لئے جو وعدے کئے گئے تھے وہ ابھی تک پورے نہیں ہوئے۔نشست میں صوبے کی آئینی حقوق کے حصول کے لئے تمام سیاسی جماعتوں کے قائدین پر مشتمل جرگہ تشکیل دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے جبکہ جرگہ عنقریب اس سلسلے میں وزیراعظم کے ساتھ ملاقات کرکے وفاقی حکومت کے ذمے واجب الادا بقایاجات کی ادائیگی کا معاملہ اٹھائیگا۔ شرکاءنے سابق فاٹا کے انضمام کو کامیاب بنانے کے لئے ضم اضلاع کے عوام کے ساتھ کئے گئے وعدوں کی تکمیل کوانتہائی اہم قرار دیتے ہوئے اس سلسلے میں اپنی انفرادی و اجتماعی کوششوں کو بروئے کار لانے کا عزم دہرایا۔ سیاسی قائدین نے صوبے کے حقوق کے حصول کے لئے سیاسی قائدین سے مشاورتی اجلاس کے انعقاد پر وزیراعلیٰ کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ اس موقع پر سیاسی قائدین سے مشاور وزیراعلیٰ محمد اعظم خان کا ایک احسن اقدام ہے۔ سیاسی قائدین نے صوبے کے آئینی حقوق کے حصول کے لئے سیاسی وابستگیوں سے بالاتر ہوکر اجتماعی کوششوں پر اتفاق کیا اور کہا کہ صوبہ اس وقت مالی مشکلات کا شکار ہے جسے ہم سب نے ملکر مالی بحرانوں سے نکالنا ہے۔ اس موقع پر صوبے کو مالی مسائل سے نکالنے کے لئے مختلف تجاویز پیش کی گئیں جن میں سے فوری اقدام کے طورپر صوبے کے مختلف جنگلات میں کئی سالوں سے پڑی ونڈ فال ٹمبر کو فروخت کرنے کی تجویز بھی شامل تھی جس پر متعلقہ محکمے کو مروجہ قواعد و ضوابط کے تحت ورک آوٹ کرنے کی ہدایت کی گئی۔ وزیراعلیٰ نے کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ صوبے کو مالی مشکلات سے نکالنے کے لئے تمام سیاسی قائدین کی تعاون کی اشد ضرورت ہے۔ امید ہے کہ ان سیاسی قائدین کے تعاون سے صوبے کو مالی مسائل سے نکال لیں گے۔ وزیراعلیٰ نے صوبے کے مفادات کے لئے مشاورتی اجلاس میں شرکت پر سیاسی قائدین کا شکریہ ادا کیا اور امید ظاہر کی کہ وہ صوبے کو موجودہ مالی بحران سے نکالنے کے لئے اپنا اہم کردار ادا کریں گے۔