News Details

19/05/2023

نگران وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمد اعظم خان کا صوبے کے بعض علاقوں خصوصاً چارسدہ میں گھریلو صارفین کے لئے سوئی گیس اور بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کا نوٹس

نگران وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمد اعظم خان نے صوبے کے بعض علاقوں خصوصاً چارسدہ میں گھریلو صارفین کے لئے سوئی گیس اور بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کا نوٹس لیتے ہوئے سوئی ناردرن گیس اور پیسکو حکام کو ہدایت کی ہے کہ اس مسئلے کو حل کرنے اور اس سلسلے میں گھریلو صارفین کو زیادہ سے زیادہ ریلیف دینے کے لئے ترجیحی بنیادوں پراقدامات اٹھائے جائیں۔ یہ ہدایات انہوں نے جمعرات کے روز سوئی ناردرن گیس اور پیسکو حکام سے گفتگو کرتے ہوئے جاری کیں جنہوں نے ان کے دفتر میں ان سے ملاقات کی۔ اس موقع پر صوبے خصوصاً چارسدہ میں گھریلو صارفین کے لئے بجلی اور سوئی گیس کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ سے متعلق امور پر گفتگو کی گئی۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ صوبے کے بعض مقامات خصوصاً نواحی علاقوں میں گھریلو صارفین کو بجلی اور سوئی گیس کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کا مسئلہ درپیش ہے جس کی وجہ سے شہریوں کو مشکلات کا سامنا ہے۔ سوئی ناردرن گیس اور پیسکو حکام نے وزیر اعلیٰ کو یقین دلایا کہ صوبے اور خصوصاً ضلع چارسدہ میں گھریلو صارفین کو سوئی گیس اور بجلی کی بلاتعطل فراہمی کے لئے اقدامات اٹھائے جارہے ہیں اور اگلے چند دنوں میں صورتحال میں خاطر خواہ بہتری آئے گی۔