News Details

19/05/2023

نگران وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمد اعظم خان سے جمعرات کے روز ضم اضلاع کے عمائدین پر مشتمل کثیر رکنی جرگے نے وزیراعلیٰ ہاوس پشاور میں ملاقات کی

نگران وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمد اعظم خان سے جمعرات کے روز ضم اضلاع کے عمائدین پر مشتمل کثیر رکنی جرگے نے وزیراعلیٰ ہاوس پشاور میں ملاقات کی اور وزیراعلیٰ کو اپنے اپنے علاقوں کے عوامی مسائل سے متعلق آگاہ کیا اور انہیںترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کے لئے ضروری اقدامات کی استدعا کی۔ ملاقات میں صوبائی محکموں کے انتظامی سیکرٹریز اور دیگر اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔ قبائلی عمائدین کی جانب سے اٹھائے گئے عوامی مسائل میں بجلی ، تعلیم ، صحت ، مواصلات اور دیگر سماجی شعبوں سے جڑے مسائل شامل تھے۔ وزیراعلیٰ محمد اعظم خان نے ان مسائل کے حل کے لئے متعلقہ حکام کو موقع پر احکامات جاری کئے اور انہیں اپنے اپنے محکموں سے جڑے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کے لئے اقدامات اٹھاکر پیشرفت سے آگاہ کرنے کی ہدایت کی ۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہا کہ ضم اضلاع کے عوام نے گزشتہ چار دہائیوں میں بے شمار قربانیاں دی ہےں اور صوبائی حکومت کو ضم اضلاع کے عوام کو درپیش مسائل کا بھر پور ادراک ہے۔ انہوں نے کہا کہ نگران حکومت نے ضم اضلاع کے عوامی مسائل سے متعلق آگاہی حاصل کرنے کے لئے ہفتے میں ایک دن مقرر کیا ہے تاکہ قبائلی عوام کے مسائل کو براہ راست سن کر ان کے حل کے لئے اقدامات اٹھائے جائیں۔ اعظم خان کا کہنا تھا کہ ضم اضلاع کے عوام اپنے مسائل کے حل کے لئے ہر جمعرات کے دن وزیراعلیٰ ہاو ¿س تشریف لا سکتے ہیں۔ وزیراعلیٰ نے جرگے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نگران صوبائی حکومت ضم اضلاع کے آئینی حقوق کے حصول کے لئے شروع دن ہی سے کوششیں کر رہی ہے اور اس سلسلے میں وزیراعظم پاکستان سے دو دفعہ ملاقاتیں ہو چکی ہیں۔ اعظم خان کا کہنا تھا کہ انضمام کے وقت ضم اضلاع کے لئے این ایف سی کے تین فیصد کا جو وعدہ کیا گیا تھا وہ اب تک پورا نہیں ہوا ۔ این ایف سی میں ضم اضلاع کے شیئرز کے حصول کے لئے حال ہی میں وفاقی وزیر خزانہ کو مراسلہ ارسال کیا گیا ہے ۔ وزیراعلیٰ نے واضح کیا کہ ضم اضلاع کے عوام کو ان کے آئینی اور قانونی حقوق ہر صورت ملنے چاہئیں ۔ نگران حکومت اس پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کرے گی۔ جر گہ اراکین نے وزیراعلیٰ ہاو ¿س مدعو کرنے اور مسائل کے حل میں خصوصی دلچسپی لینے پر نگران وزیراعلیٰ کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ ضم اضلاع کے عوام کے لئے ہفتے میں ایک دن مختص کرنا وزیراعلیٰ کا احسن اقدام ہے۔ قبائلی عمائدین نے کہا کہ یہ اقدام ضم اضلاع کے عوامی مسائل حل کرنے کے لئے وزیراعلیٰ کی سنجیدگی اور دلچسپی کا واضح ثبوت ہے۔ یہ قبائلی عوام کے دیرینہ مسائل حل کرنے کے لئے اچھی کاوش ہے اور امید ہے کہ وزیراعلیٰ کے اس اقدام سے قبائلی عوام کو درپیش مسائل میں خاطر خواہ کمی آئے گی۔