News Details
14/05/2023
نگران وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمد اعظم خان نے ہفتے کے روز ریڈیو پاکستان پشاور اسٹیشن کا دورہ کیا
نگران وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمد اعظم خان نے ہفتے کے روز ریڈیو پاکستان پشاور اسٹیشن کا دورہ کیا اور گزشتہ دنوں مظاہرین کی طرف سے توڑ پھوڑ کے دوران عمارت کو پہنچنے والے نقصانات کا جائزہ لیا۔ نگران صوبائی وزیر اطلاعات بیرسٹر فیروز جمال، چیف سیکرٹری ندیم اسلم چوہدری، اسٹیشن ڈائریکٹر اعجاز خان اور دیگر بھی اس موقع پر موجود تھے۔ اسٹیشن ڈائریکٹر ریڈیو پاکستان پشاور نے وزیر اعلیٰ کو اسٹیشن کو پہنچنے والی نقصانات کے بارے میں وزیر اعلیٰ کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ ریڈیو پاکستان کی عمارت کے علاوہ پرانے ریکارڈ، گاڑیوں، کمپیوٹرز، اور دیگر قیمتی مشینری کو نقصان پہنچایا گیا ہے جبکہ واقعے میں ریڈیو پاکستان کے دو ملازمین شدید زخمی ہوئے ہیں۔ وزیر اعلی نے ریڈیو پاکستان کو پہنچنے والے نقصانات پر افسوس کا اظہار کیا۔ اس موقع پر میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعلی نے کہا کہ پشاور ریڈیو اسٹیشن بر صغیر کے دو قدیم ترین ریڈیو اسٹیشنز میں سے ایک ہے،ایک قومی اثاثہ اور تاریخی ورثہ ہیاور عوام کو بروقت معلومات کی فراہمی کے علاوہ مقامی ادب اور ثقافت کو فروغ دینے میں ریڈیو پاکستان پشاور کا بہت بڑا کردار رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس تاریخی ورثے کو اس طرح کا نقصان پہنچانا انتہائی افسوسناک ہے،جن عناصر نے بھی ریڈیو پاکستان کو نقصان پہنچایا ہے انہوں نے بہت بڑی ذیادتی کی ہے، سرکاری املاک کو نقصان پہنچانا دراصل اپنی املاک کو نقصان پہنچانا ہے کیونکہ سرکاری املاک عوام کے ٹیکس کے پیسوں سے بنتی ہیں۔ ایک سوال کے جواب میں محمد اعظم خان نے کہا کہ ریڈیو اسٹیشن کو پہنچنے والے نقصانات کا تفصیلی جائزہ لینے کے بعد اس کی بحالی کے لئے معاملہ وفاقی حکومت کے ساتھ اٹھایا جائے گا جبکہ صوبائی حکومت بھی ریڈیو اسٹیشن کی بحالی میں ہر ممکن تعاون کرے گی۔ ایک اور سوال کے جواب میں وزیر اعلی نے کہا کہ گزشتہ دنوں پرتشدد مظاہروں کے دوران توڑ پھوڑ میں ملوث 900 افراد کو گرفتار کر لیا گیا ہے، کچھ افراد کو موقع پر ہی گرفتار کیے گئے ہیں جبکہ باقی افراد کی گرفتاری کے لئے کاروائیاں جاری ہیں اور توڑ پھوڑ میں ملوث تمام افراد کو گرفتار کرکے انہیں قانون کے مطابق سخت سزائیں دی جائیں گی۔ بعدازاں وزیر اعلیٰ نے نگران صوبائی وزیر اطلاعات بیرسٹر فیروز جمال کاکاخیل اور چیف سیکرٹری ندیم اسلم چوہدری کے ہمراہ کمبائنڈ ملٹری ہسپتال پشاور کا بھی مختصر دورہ کیا اور ہسپتال میں زیر علاج ریڈیو پاکستان کے زخمی اہلکاروں کی عیادت کی۔ہسپتال انتظامیہ کی جانب سے زخمیوں کو فراہم کیے جانے والے علاج معالجے بارے بریفنگ دی گئی۔ وزیر اعلیٰ نے زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لئے نیک خواہشات کا اظہار اور ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔