News Details

12/05/2023

نگران وزیر اعلی خیبر پختونخوا محمد اعظم خان نے جمعرات کے روز پولیس اینڈ سروسز ہسپتال پشاور کادورہ کیا

نگران وزیر اعلی خیبر پختونخوا محمد اعظم خان نے جمعرات کے روز پولیس اینڈ سروسز ہسپتال پشاور کادورہ کیا جہاں انہوں نے گذشتہ دنوں پرتشدد مظاہروں کے دوران زخمی ہونے والے پولیس اہلکاروں کی عیادت کی۔ وزیر اعلی نے ہسپتال میں زیر علاج پولیس جوانوں کی فردا فردا عیادت کی اور انہیں گلدستے پیش کئے۔ انسپکٹر جنرل پولیس اختر حیات خان، سی سی پی او پشاور اعجاز خان اور پولیس کے دیگر اعلی حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔ اس موقع پر میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعلی کا کہنا تھا کہ گزشتہ دو دنوں میں صوبے کے مختلف مقامات پر پرتشدد مظاہرے ہوئے ہیں جس کے دوران نجی و سرکاری املاک کو کافی نقصان پہنچا ہے۔ احتجاجی مظاہروں کے دوران نجی و سرکاری املاک کو نقصان پہنچانے اور توڑ پھوڑ کے عمل کو افسوسناک قرار دیتے ہوئےانہوں نے کہاکہ احتجاج اور آزادی اظہار رائے سب کا جمہوری اور آئینی حق ہے لیکن یہ حق پر امن انداز میں استعمال ہونا چاہیے اور احتجاج کی آڑ میں توڑ پھوڑ کرنا غیر قانونی اور غیر آئینی عمل ہے۔ محمد اعظم خان کا کہنا تھا کہ سرکاری املاک عوام ہی کے ٹیکس کے پیسوں سے بنی ہیں اور ان کو نقصان پہنچانا خود کو نقصان پہنچانے کے مترادف ہے۔ ایک سوال کے جواب میں نگران وزیر اعلی نے کہا کہ ان مظاہروں کے دوران توڑ پھوڑ کرنے والوں کے خلاف پولیس کارروائی عمل میں لا رہی ہے، اس سلسلے میں کافی گرفتاریاں عمل میں لائی گئی ہیں اور املاک کو نقصان پہنچانے والوں کی نشاندہی ہو رہی ہے، ان کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ انہوں نے اس بات پر افسوس کا اظہار کیا کہ جو لوگ بھی توڑ پھوڑکر رہے ہیں اور سرکاری املاک کو نقصان پہنچا رہے ہیں وہ غلط کر رہے ہیں، وہ قوم کا اور اپنا نقصان کررہے ہیں۔ ایک اور سوال کے جواب میں وزیر اعلی نے واضح کیا کہ موجودہ حالات کے تناظر میں سول انتظامیہ کی مدد کے لئے فوج بلائی گئی ہے اور جب جہاں ضرورت پڑے گی فوج سے مدد لی جائے گی۔ ان احتجاجی مظاہروں کے دوراں پولیس کے کردار کو سراہتے ہوئے وزیر اعلی نے کہا کہ خیبر پختونخواہ پولیس نے اس سلسلے میں بڑی اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے اور گزشتہ روز پوری صوبائی کابینہ نے بھی پولیس کی کارکردگی کو سراہا ہے۔