News Details

03/05/2023

خیبرپختونخوا کے نگران وزیر اعلیٰ محمد اعظم خان نے کہا ہے ایک آزاد اور متوازن معاشرے کی تشکیل کے لیے آزاد صحافت کا کردار ایک مسلمہ حقیقت ہے،

خیبرپختونخوا کے نگران وزیر اعلیٰ محمد اعظم خان نے کہا ہے ایک آزاد اور متوازن معاشرے کی تشکیل کے لیے آزاد صحافت کا کردار ایک مسلمہ حقیقت ہے، یہی وجہ ہے کہ صحافت کو ایک جمہوری ریاست کا اہم جزو اور چوتھا ستون مانا جاتاہے۔ اظہار رائے کی آزادی کا حق دیگر تمام انسانی حقوق کے تحفظ کی بنیاد ہے جس کے بغیر ایک کامیاب اور پر امن معاشرے کی تشکیل ممکن ہی نہیں۔ آزادی صحافت کے عالمی دن کے حوالے سے جاری اپنے پیغام میں محمد اعظم خان نے کہا ہے کہ اس دن کو منانے کا مقصد جہاں آزادی اظہار رائے کی اہمیت کواجاگر کرنا ہے وہاں اس کا مقصد ان صحافیوں کی خدمات کو خراج عقیدت بھی پیش کرنا ہے جنہوں نے آزادی اظہار رائے کے حق کے لئے جہدو جہد اور حق و سچ کی بالا دستی کے لیے اپنی جانوں کی قربانی پیش کی۔ وزیر اعلیٰ کا کہنا تھا کہ آزادی اظہار رائے انسان کے بنیادی حقوق میں سے ایک اہم ترین حق ہے جو انسانی حقوق کے عالمی منشور میں بھی مذکور ہے۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ آج کے اس جدید دورمیں جہاں حق اور باطل، سچ اور جھوٹ اور ظلم و انصاف اپنی پوری قوت کے ساتھ نبردآزما ہیں وہاں ذمہ دارانہ صحافت اور اظہار رائے کی آزادی کی اہمیت پہلے سے زیادہ بڑھ گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ صحافت کی آزادی کو تسلیم کئے بغیر ہم ایک جمہوری اور فلاحی معاشرہ تشکیل نہیں دے سکتے یہی وجہ ہے کہ آج دنیا بھر میں آزادی صحافت کا عالمی دن منایا جا رہا ہے جو اس امر کا واضح ثبوت ہے کہ پوری انسانی برادری آزاد اور ذمہ دارانہ صحافت کے فروغ کےلئے یکساں رائے رکھتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وطن عزیز پاکستان میں بھی جمہوریت کی بقا، جمہوری اداروں کے استحکام اور انسانی حقوق کے تحفظ کے سلسلے میں میڈیا اور صحافتی برادری نے بنیادی کردار ادا کیا ہے۔ وزیر اعلیٰ نے اس جدوجہد کے دوران اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے صحافیوں کی خدمات کو خراج عقیدت پیش کیا اور ان کے درجات کی بلندی کے لیے دعا بھی کی ہے۔