News Details
01/05/2023
عالمی یوم مزدور کے موقع پر وزیر اعلی محمد اعظم خان کا پیغام
نگران وزیر اعلی خیبرپختونخوا محمد اعظم خان نے کہا ہے کہ معاشرے میں محنت کش طبقے کی عزت ووقار اور حقوق کے تحفظ کے بغیرترقی اور خوشحالی کا خواب شرمندہ تعبیر نہیں ہو سکتا ،قومی ترقی اورخوشحالی میں محنت کش طبقے کا کردار کلیدی اہمیت رکھتا ہے۔ ہم مزدور اور محنت کش طبقے کی فلاح و بہبود اور ان کے حقوق کے تحفظ کو یقینی بناکر ہی ترقیاتی اہداف حاصل کر سکتے ہیں۔ عالمی یوم مزدور (یکم مئی) کی مناسبت سے یہاں سے جاری اپنے ایک پیغام میں وزیراعلی نے کہا ہے کہ مزدوروں کا عالمی دن محنت کی عظمت اورقومی ترقی میں محنت کش طبقے کی اہمیت اور کلیدی کردار کو اجاگر کرتا ہے۔ انہوں نے کہاکہ مزدوروں کی فلاح و بہبود اور ان کا تحفظ کسی بھی ریاست کی ترجیحات میں شامل ہو تا ہے کیونکہ محنت کش قومی ترقی میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں ۔ محمد اعظم خان کا کہنا تھا کہ قومی سطح پر موجود صنعتی تربیت کے اداروں اور صنعتوں کو ایک دوسرے سے منسلک کرکے محنت کش افراد کیلئے روزگار کے باعزت اور پرکشش مواقع فراہم کئے جا سکتے ہیں۔وزیراعلی نے واضح کیاکہ نگران صوبائی حکومت محنت کش طبقے کے کردار کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے کیونکہ محنت کش اپنا خون پسینہ ایک کرکے قومی ترقی و خوشحالی کی بنیادفراہم کرتے ہیں۔ انہوںنے کہاکہ آج کا دن حکومت سمیت انسانی حقوق کے اداروں اور تنظیموں سے اس بات کا تقاضا کرتا ہے کہ مزدوروں کی فلاح کیلئے ہم اپنے عزم کا اعادہ کریں ۔ یہ طبقہ نا صرف حکومت اور ریاسی اداروں بلکہ معاشرے کے تمام طاقتور طبقات اور حلقوں کی خصوصی توجہ کا مستحق ہے۔ ہم سب کو مل کر اپنے اردگرد موجود محنت کش افراد کی بھلائی اور ان کو درپیش مسائل کے حل کیلئے ہر ممکن کردار ادا کرنے کی ضرورت ہے ۔ یہ طبقہ جتنامضبوط اور خوشحال ہو گا ، قومی ترقی اور خوشحالی کی بنیادیں بھی اسی قدردیرپا اور مضبوط ہوں گی ۔ میں عالمی یوم مزدور کے موقع پر ملک کے محنت کش طبقے کو قومی تعمیر و ترقی میں ان کے اہم کردار پر خراج تحسین پی کرتاہوں اور یقین دلاتا ہوں کہ نگران صوبائی حکومت صوبے کے محنت کش طبقوں کی فلاح و بہبود کیلئے ہر ممکن اقدامات اٹھائے گی ۔