News Details

26/04/2023

نگران وزیر اعلی محمد اعظم خان کا کبل پولیس اسٹیشن دھماکے کی تحقیقات کا حکم، دو رکنی انکوائری کمیٹی تشکیل

نگران وزیر اعلی محمد اعظم خان کا کبل پولیس اسٹیشن دھماکے کی تحقیقات کا حکم، دو رکنی انکوائری کمیٹی تشکیل واقعے کی تحقیقات جاری ہیں، اس وقت دھماکے کی وجوہات سے متعلق حتمی طور کچھ کہنا قبل از وقت ہے، محمد اعظم خان واقعہ بظاہر کسی حادثے کا نتیجہ لگتا ہے، تاہم تحقیقات مکمل ہونے پر ہی اصل وجوہات کا تعین کیا جاسکے گا، نگران وزیر اعلی بعض عناصر واقعے کو سیاسی مقاصد کے لیے استعمال کرنے کی کوشش کر رہے ہیں، جو مناسب نہیں، اعظم خان نگران وزیر اعلی خیبر پختونخوا محمد اعظم خان نے سی ٹی ڈی پولیس اسٹیشن کبل میں ہونے والے دھماکے کی اصل وجوہات کا تعین کرنے کے لئے تحقیقات کا حکم دے دیا ہے جس کی روشنی میں سیکرٹری داخلہ اور ایڈیشنل انسپکٹر جنرل اسپیشل برانچ پر مشتمل دو رکنی تحقیقاتی کمیٹی تشکیل دے دی گئی جو اس واقعے کی اصل وجوہات کا تعین کرے گی۔ اس سلسلے میں یہاں سے جاری اپنے ایک بیان میں وزیر اعلی نے کہا ہے کہ دھماکے کی وجوہات کا تعین کرنے کے لئے تحقیقات جاری ہیں تاہم ابھی تک دھماکے کی وجوہات کا حتمی طور پر تعین نہیں ہوا۔ انہوں نے کہا کہ دھماکہ دہشتگردی کا واقعہ ہے یا کسی حادثے کا نتیجہ، فی الحال حتمی طور پر کچھ نہیں کہا جاسکتا اگر چہ بظاہر دھماکہ کسی حادثے کا نتیجہ لگتا ہے لیکن تحقیقات مکمل ہونے کے بعد ہی دھماکے کی اصل وجوہات کا تعین ہو سکتا ہے۔ وزیر اعلی نے کہا ہے کہ اس وقت کوئی حتمی رائے قائم کرنا قبل از وقت ہے، اس سلسلے میں بعض عناصر کی طرف سے سیاسی بیان بازی درست نہیں، یہ عناصر واقعے کو سیاسی مقاصد کے لیے استعمال کرنے کی کوشش کر رہے ہیں جس سے لواحقین شہدا کے جذبات کو ٹھیس پہنچے گی۔ اصل وجوہات کا تعین کئے بغیر واقعے کو سیاسی مقاصد کے لئے استعمال کرنا شہدا کی قربانیوں کے ساتھ ناانصافی ہوگی۔