News Details

25/04/2023

نگران وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمد اعظم خان نے عید الفطر کے پہلے روز مصروف دن گزارا۔ عید کی نماز کے بعد وزیر اعلیٰ اعظم خان نے ایس او ایس چلڈرن ویلیج حیات آباد کا دورہ کیا

نگران وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمد اعظم خان نے عید الفطر کے پہلے روز مصروف دن گزارا۔ عید کی نماز کے بعد وزیر اعلیٰ اعظم خان نے ایس او ایس چلڈرن ویلیج حیات آباد کا دورہ کیا اور وہاں پر مقیم یتیم بچوں سے عید ملے۔ ایس او ایس ویلیج پہنچنے پر ادارے کی انتظامیہ نے وزیر اعلیٰ کا استقبال کیا اور ادارے میں مقیم بچوں نے وزیر اعلیٰ کو گلدستہ پیش کیا۔ ڈپٹی کمشنرز پشاور شاہ فہد سمیت ضلعی انتظامیہ کے دیگر حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔ وزیر اعلیٰ بچوں میں گھل مل گئے اور ان میں عید کے تحائف تقسیم کئے۔ ایس او ایس ویلیج میں مقیم بچوں نے وزیر اعلیٰ کو اپنے درمیان پاکر خوشی اظہار کیا۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے کہا کہ عید الفطر کے موقع پر ایس او ایس ویلیج آکر انہیں بے انتہا خوشی ہوئی اور انہیں یہ جان کر مزید خوشی ہوئی کہ ایس او ایس ویلیج میں یتیم بچوں کو تعلیم کے ساتھ ساتھ رہائش اور تفریح کی بہترین سہولیات فراہم کی جارہی ہیں، اس سلسلے میں ایس او ایس ویلیج کی انتظامیہ کا کردار قابل ستائش ہے۔ ایس اوایس ویلیج میں مقیم بچوں کو پوری قوم کے بچے قرار دیتے ہوئے انہوں یقین دلایا کہ نگراں صوبائی حکومت ان بچوں کی بہتر تعلیم و تربیت کے لئے ایس او ایس ویلیج کو ہر ممکن تعاون فراہم کرے گی۔ بعد ازاں وزیر اعلیٰ پورا دن لوگوں سے عید ملنے کے لئے وزیر اعلیٰ ہاوس میں موجود رہے اور وزیر اعلیٰ ہاوس کے دروازے ہر خاص و عام کے لئے کھول دئےے گئے۔ وزیر اعلیٰ سے عید ملنے کے لئے کثیر تعداد میں لوگ وزیر اعلیٰ ہاوس تشریف لائے جن میں نگران کابینہ اراکین، سیاسی و سماجی شخصیات، سرکاری حکام، صحافی اور عام لوگ شامل تھے۔ وزیر اعلیٰ ہاوس کے عملے نے مٹھائیوں، چائے اور شربت سے مہمان کا تواضع کیا، وزیر اعلیٰ لوگوں میں گھل مل گئے اور ان سے عید کی مبارکباد وصول کی،نوجوانوں اور بچوں نے وزیر اعلیٰ کے ساتھ تصویریں بنوائیں۔ مہمانوں نے عید کے دن وزیر اعلیٰ ہاوس عوام کے لئے کھولنے پر مسرت کا اظہار کیا۔ اس سلسلے میں وزیر اعلیٰ نے یہاں سے جاری اپنے ایک بیان میں ان سے عید ملنے کے لئے وزیر اعلیٰ ہاوس تشریف لانے والے تمام لوگوں کا شکریہ ادا کیا ہے۔