News Details
07/04/2023
نگران وزیراعلی خیبرپختونخوا محمد اعظم خان کی زیر صدارت جمعرات کے روز امن و امان سے متعلق ایک اہم اجلاس منعقد ہوا
نگران وزیراعلی خیبرپختونخوا محمد اعظم خان کی زیر صدارت جمعرات کے روز امن و امان سے متعلق ایک اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں صوبہ بھر میں امن و امان کی مجموعی صورتحال کا جائزہ لیا گیا اور اسے بہتر بنانے کیلئے آئندہ کے لائحہ عمل پر غور و خوض کیا گیا ۔ نگران وزیراطلاعات بیرسٹر فیروز جمال شاہ کاکا خیل ، چیف سیکرٹری ندیم اسلم چوہدری ، انسپکٹر جنرل آف پولیس اختر حیات خان ، وزیراعلی کے پرنسپل سیکرٹری امجد علی خان، سیکرٹری داخلہ عابد مجید ، سیکرٹری اطلاعات مختیار احمد ، کمشنر پشاور محمد زبیر ، سی سی پی او پشاور اعجا ز خان اور پولیس کے دیگر اعلی حکام نے اجلاس میں شرکت کی ۔ اجلاس کو صوبے میں امن و امان کی تازہ صورتحال ، دہشت گردی کے واقعات کی روک تھام کیلئے پولیس خصوصا سی ٹی ڈی کے اقدامات اور دیگر امور پر تفصیلی بریفینگ دی گئی اور بتایا گیا کہ رواں سال اب تک صوبے میں دہشت گردی کے چھوٹے بڑے 140 واقعات رونما ہوئے ہیں جن میں زیادہ تر قانون نافذ کرنے والے اداروں کو نشانہ بنایا گیا ۔مزید بتایا گیا کہ اسی دوران پولیس کی بروقت کاروائی کے نتیجے میں دہشت گردی کے درجنوں منصوبوں کو ناکام بنایا گیا ہے ۔ اجلاس میں غیر رجسٹرڈ گاڑیوں ، موٹرسائیکلوں اور کالے شیشے والی گاڑیوں کے خلاف سخت کاروائی عمل میں لانے کا فیصلہ کیا گیا اور اس سلسلے میں محکمہ ایکسائز اور پولیس کو مل کر اقدامات اٹھانے کی ہدایت کی گئی ۔ نگرا ن وزیراعلی محمد اعظم خان نے مختلف اضلاع میں پولیس اہلکاروں پر ہونے والے حملوں پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے سی ٹی ڈی اور سپیشل برانچ کو پولیس پر حملوں کی منصوبہ بندی کو ناکام بنانے کیلئے مزید متحرک کردار ادا کرنے کی ہدایت کی ہے ۔ وزیراعلی نے صوبے میں اقلیتی برادری کے لوگوںپر حملوں کو تشویشناک قرار دیتے ہوئے ہدایت کی کہ انہیں تحفظ فراہم کرنے پر خصوصی توجہ دی جائے ۔ وزیراعلی نے واضح کیا کہ امن و امان کو برقرار رکھنا نگران حکومت کی اولین ترجیح اور سب سے اہم ذمہ داری ہے، صوبائی حکومت اس مقصد کیلئے ترجیحی بنیادوں پر وسائل فراہم کرے گی ۔ اعظم خان کا کہنا تھا کہ صوبے میں سکیورٹی کی موجودہ صورتحال میں غیر معمولی اقدامات اور مربوط لائحہ عمل کی ضرورت ہے ۔ صوبے میں امن و امان کے قیام کیلئے قانون نافذ کرنے والے ادارے لازوال قربانیاں دے رہے ہیں اور پوری قوم کو ان کی قربانیوں پر فخر ہے ۔ انہوںنے متعلقہ حکام کو ہدایت کی ہے کہ پولیس اہلکاروں کو دہشت گردحملوں سے محفوظ بنانے کیلئے تمام ضروری اور جدید آلات فراہم کئے جائیں ۔