News Details

30/03/2023

نگران وزیر اعلی محمد اعظم خان نے شہید ڈی ایس پی اقبال مومند اور دیگر شہدائ کے اہل خانہ سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا

گزشتہ روز لکی مروت میں شہید ہونے والے ڈی ایس پی اقبال مومند کی نماز جنازہ پشاور پولیس لائنز میں ادا کردی گئی۔ گورنر خیبر پختونخوا حاجی غلام علی، نگران وزیر اعلیٰ محمد اعظم خان، چیف سیکرٹری ندیم اسلم چوہدری اور آئی جی پی اختر حیات خان کے علاوہ دیگر سول و عسکری حکام کی بڑی تعداد نے نماز جنازہ میں شرکت کی۔ اس موقع میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے نگران وزیر اعلی محمد اعظم خان نے شہید ڈی ایس پی اقبال مومند اور دیگر شہدائ کے اہل خانہ سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے دُعا کی کہ اللہ تعالیٰ شہداءکے درجات بلند کرے اور پسماندگان کو صبر جمیل عطا فرمائے۔ انہوں کہا کہ صوبے میں امن و امان کے لئے خیبرپختونخوا پولیس کے افسران اور جوانوں نے لازوال قربانیاں دی ہیں، ہمیں پولیس کی ان قربانیوں پر بجا طور فخر ہے اور خیبرپختونخوا پولیس نے ہمیشہ جرا ¿ت اور بہادری کا مظاہرہ کیا ہے ۔ وزیر اعلیٰ نے یقین دلایا کہ نگران صوبائی حکومت پولیس کو مستحکم کرنے، اس کی ضروریات پوری کرنے اور اسے دور حاضر کے تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کے لئے ہر ممکن کوشش کرے گی۔ ایک سوال کے جواب میں وزیر اعلی کا کہنا تھا کہ اس وقت پورے ملک کی طرح خیبر پختونخوا کو بھی مالی مشکلات کا سامنا ہے، صوبے کو درپیش مالی مشکلات کا معاملہ وفاق کے ساتھ اٹھایا گیا ہے، وفاق کے ذمے صوبے کے بہت سارے بقایا جات واجب الادا ہیں، انہوں نے اس سلسلے میں دو دفعہ وزیر اعظم سے ملاقات کرکے ان سے خصوصی تعاون کی درخواست کی ہے جبکہ وفاق کے ذمے صوبے کے بقایا جات کی ادائیگی اور صوبے کے دیگر آئینی حقوق کے لئے وزیر اعظم کو خطوط بھی ارسال کئے گئے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ دہشت گردی سے نمٹنے کے لئے خیبر پختونخوا پولیس کو مزید مالی وسائل اور افرادی قوت کی ضرورت ہے، وفاق سے بقایا جات کی ادائیگی ہو تو پولیس کی تمام ضروریات پوری کردی جائیں گی اور وفاق نے اس سلسلے میں ہر ممکن تعاون کی دہانی کرائی ہے۔ <><><><><><><>