News Details

24/03/2023

نگران وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمد اعظم خان کا صوبےمیں مفت سرکاری آٹے کی تقسیم کے دوران بدنظمی کا سخت نوٹس

نگران وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمد اعظم خان نے صوبے کے بعض مقامات پر مفت سرکاری آٹے کی تقسیم کے دوران بدنظمی کے نتیجے میں رونما ہونے والے چند ناخوشگوار واقعات کا سخت نوٹس لیتے ہوئے چیف سیکرٹری خیبر پختونخوا کو ہدایت کی ہے کہ صوبہ بھر میں مفت سرکاری آٹے کی تقسیم کے عمل کو منظم انداز میں چلانے کے لئے ضروری اقدامات اٹھائے جائیں، ماہ رمضان کے دوران صوبے میں آٹے کی تقسیم کو عوام کے لئے آسان بنایا جائے اور آٹے کی تقسیم کے دوران بھگڈر اور بدنظمی کو روکنے کے لئے موثر لائحہ عمل تیار کرکے ضلعی انتظامیہ کی طرف سے اس پر عملدرآمد کو ہر لحاظ سے یقینی بنایا جائے تاکہ اس طرح کے ناخوشگوار واقعات سے بچا جا سکے۔ یہ ہدایات انہوں نے جمعہ کے روز چیف سیکرٹری ندیم اسلم چوہدری کو دوران ملاقات جاری کیں جنہوں نے جمعہ کے روز وزیر اعلی ہاوس میں ان سے ملاقات کی اور صوبے میں مفت آٹے کی تقسیم کی صورتحال اور پیش والے چند ناخوشگوار واقعات کی وجوہات سے انہیں آگاہ کیا۔ وزیراعلیٰ نے واضح کیا کہ مفت آٹے کی فراہمی رمضان کے مہینے میں مستحق گھرانوں کے لئے حکومت کی طرف سے ایک ریلیف ہے اور اس ریلیف کے حصول میں عوام کو کسی تکلیف سے دوچار نہیں ہونا چاہیے لہذا انتظامیہ کی یہ ذمہ داری ہے کہ وہ آٹے کی تقسیم کے لئے ایک جامع لائحہ عمل ترتیب دے کر اس پر عملدرآمد یقینی بنائیں۔ اس موقع پر فیصلہ کیا گیا کہ تمام اضلاع میں آٹے کی تقسیم کار کی نگرانی کے لئے انتظامی سیکرٹریوں کو خصوصی ذمہ داریاں تفویض کی جائیں گی جو اپنے متلعقہ ضلع میں آٹے کی تقسیم کے عمل کی رپورٹ باقاعدگی سے وزیر اعلی اور چیف سیکرٹری کو دیں گے،اس سلسلے میں بہت جلد باقاعدہ اعلامیہ جاری کیا جائے گا جس میں انتظامی سیکرٹریوں کو مفت آٹے کی تقسیم کی نگرانی کے لئے ایک ایک ضلع تفویض کیا جائے گا۔ وزیراعلیٰ نے یہ بھی ہدایت کی ہے کہ آٹے کی تقسیم میں شفافیت کو یقینی بنانے کےلئے وضع کردہ طریقہ کار پر من و عن عملدرآمد یقینی بنایا جائے اور اس مقصد کے لئے مانیٹرنگ کا موثر نظام وضع کیا جائے اور اس امر کو یقینی بنایا جائے کہ مفت آٹا صرف مستحق خاندانوں کو ملے۔ <><><><><><>