News Details
14/03/2023
نگران وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمد اعظم خان سے یورپین یونین کی سفیر ڈاکٹر رینا کیونکا نے پیر کے روز ان کے دفتر میں ملاقات کی۔
نگران وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمد اعظم خان سے یورپین یونین کی سفیر ڈاکٹر رینا کیونکا نے پیر کے روز ان کے دفتر میں ملاقات کی۔ ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور خصوصاً صوبے میں یورپین یونین کے تعاون سے چلنے والی عوامی فلاح و بہبود کے منصوبوں سے متعلق تبادلہ خیال کیا گیا۔ یورپین یونین کے فرسٹ سیکرٹری کوآپریشن سوین روش اور چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا امداد اللہ بوسال بھی ملاقات میں موجود تھے۔ ڈاکٹر رینا کیونکا نے اس موقع پر پولیس لائنز دھماکے پر وزیر اعلیٰ سے تعزیت اور افسوس کا اظہار کیا۔
وزیر اعلیٰ محمد اعظم خان نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ یورپین یونین خیبر پختونخوا کے مختلف سماجی شعبوں میں تعاون کر رہی ہے، صوبائی حکومت اور صوبے کے عوام سماجی شعبوں میں یورپین یونین کے اس تعاون کی قدر کرتے ہیں اور ہم امید رکھتے ہیں کہ تعاون کا یہ سلسلہ آئندہ بھی جاری رہے گا۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ صوبائی حکومت کو ضم شدہ اضلاع میں یورپین یونین کے تعاون کی خصوصی طور پر ضرورت ہے، حکومت اپنی سطح پر ضم اضلاع کو ترقی دینے کے لئے ہر ممکن کوشش کر رہی ہے تاہم اس سلسلے میں بین الاقوامی شراکت داروں کا تعاون بڑی اہمیت کا حامل ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ افغان جنگ کی وجہ سے ضم اضلاع کے عوام گزشتہ چالیس سالوں سے گوناگوں مسائل کا شکار رہے ہیں۔ اس لئے ضم اضلاع کو قومی دھارے میں لانے کے لئے خصوصی توجہ کی ضرورت ہے۔ اعظم خان کا کہنا تھا کہ ضم اضلاع میں فنی تعلیم، صحت، دیہی ترقی اور معاشی شعبوں پر توجہ دیکر عوام کی مشکلات میں خاطرخواہ کمی لائی جاسکتی ہے۔ ڈاکٹر رینا کیونکا نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ یورپین یونین اپنے آنے والے سپورٹ پروگراموں میں خیبر پختونخواہ اور بلوچستان پر خصوصی توجہ دے گی۔