News Details

12/03/2023

خیبر پختونخوا کے نگران وزیر اعلیٰ محمد اعظم خان نے پاکستان خصوصاً خیبرپختونخوا میں منشیات کے استعمال کی صورتحال کو تشویشناک قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ معاشرے کو منشیات کی لعنت سے پاک کرنا ہم سب کی اجتماعی ذمہ داری ہے

خیبر پختونخوا کے نگران وزیر اعلیٰ محمد اعظم خان نے پاکستان خصوصاً خیبرپختونخوا میں منشیات کے استعمال کی صورتحال کو تشویشناک قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ معاشرے کو منشیات کی لعنت سے پاک کرنا ہم سب کی اجتماعی ذمہ داری ہے اور اس مقصد کیلئے متعلقہ اداروں اور فلاحی تنظیموں کو مربوط حکمت عملی کے تحت اقدامات اُٹھانے کی اشد ضرورت ہے تاکہ ہم اپنے معاشرے کو اس لعنت سے محفوظ بنائیں ۔وزیراعلیٰ نے نشے کے عادی افراد کی بحالی کے سلسلے میں دوست ویلفیئر فاونڈیشن کی خدمات اور کردار کو سراہتے ہوئے کہاہے کہ یہ فاونڈیشن گزشتہ تیس سالوں سے صوبے میں منشیات کے عادی افراد کی بحالی اور اُنہیں کارآمد شہری بنانے کیلئے منظم انداز میں کام کر رہی ہے جو لائق تحسین ہے۔ فاونڈیشن اس عرصے میں منشیات سے متاثرہ 4 لاکھ سے زائد افراد کو مختلف خدمات فراہم کر چکی ہے جس پر فاﺅنڈیشن کی انتظامیہ مبارکباد کی مستحق ہے اور اُمید ہے کہ یہ فاونڈیشن انسانیت کیلئے اپنی بے لوث خدمات کا یہ سلسلہ تب تک جاری رکھے گی جب تک معاشرے سے منشیات کے عادی آخری فرد کی بحالی نہ ہو ۔ ان خیالات کا اظہار اُنہوںنے ہفتہ کے روز ایک مقامی ہوٹل میں دوست ویلفیئر فاﺅنڈیشن کے قیام کے تیس سال مکمل ہونے پر منعقدہ ایک تقریب سے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ صوبے میں منشیات کے عادی افراد کی بحالی کے لئے دوست ویلفیئر فاﺅنڈیشن کی خدمات کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے محمد اعظم خان نے کہاکہ فاﺅنڈیشن کا 30 سالہ سفر کا میابیوں سے عبارت ہے جس میںدوست فاونڈیشن کی معاونت کرنے والے افراد کا انتہائی اہم کردار رہا ہے جنہوں نے دل کھول کر ادارے کی مدد کی ہے ۔ وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ بدقسمتی سے خیبرپختونخوا کی گیارہ فیصد آبادی منشیات کی لت میں مبتلا ہے جو کہ انتہائی تشویشناک ہے اور یہ بات مزید تشویشناک ہے کہ اتنی زیادہ تعداد میں منشیات کے عادی افرادی کی بحالی کیلئے سرکاری اور نجی شعبے کی سہولیات ناکافی ہیں۔ دوست ویلفیئر فاونڈیشن اپنی پیشہ ور ٹیم کے ساتھ منشیات کے استعمال، بچوں اور خواتین کے حقوق، منشیات سے جڑے جرائم اور ایڈز جیسی بیماری کی روک تھام کیلئے اُن علاقوں میں رضاکارانہ خدمات انجام دے رہی ہے جہاں سرکاری اداروں کی رسائی نہیں اسلئے ضرورت اس امر کی ہے کہ حکومت ا س سلسلے میں ایسے فلاحی اور غیر منافع بخش اداروں کی بھر پور معاونت کرے ۔ بچوں کو قوم کا مستقبل قرار دیتے ہوئے محمد اعظم خان نے کہاکہ دوست ویلفیئر فاونڈیشن منشیات سے متاثرہ اور بے گھر بچوں کی فلاح و بہبود پر خصوصی توجہ دے رہی ہے جس کیلئے فاونڈیشن نے متعدد پروگراموں کا اجراءکیا ہے ۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے دوست ویلفیئر فاونڈیشن کی مینجنگ ڈائریکٹر مسز منور ہمایوں، بہرام اعظم خان ، اعزاز خان اور دیگر مقررین نے بھی خطاب کرتے ہوئے دوست ویلفیئر فاونڈیشن کے تیس سالہ سفر اور کامیابیوں پر تفصیلی روشنی ڈالی ۔ اس موقع پر دوست ویلفیئر فاونڈیشن کے بحالی مراکز میں قیام پذیر بچوں نے ٹیبلو پیش کرکے منشیات کے استعمال کے منفی اثرات کو اُجاگر کیا اور شرکاءسے داد وصول کی ۔دوست ویلفیئر فاﺅنڈیشن کی پریذیڈنٹ پروین اعظم خان کے علاوہ سول سوسائٹی کے افراد اور ڈونرز کی ایک کثیر تعداد نے بھی تقریب میں شرکت کی ۔