News Details

10/03/2023

خیبر پختونخوا کے نگران وزیر اعلیٰ محمد اعظم خان سے وائس چانسلر عبدالولی خان یونیورسٹی مردان کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ظہور الحق نے جمعرات کے روز ان کے دفتر میں ملاقات کی

خیبر پختونخوا کے نگران وزیر اعلیٰ محمد اعظم خان سے وائس چانسلر عبدالولی خان یونیورسٹی مردان کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ظہور الحق نے جمعرات کے روز ان کے دفتر میں ملاقات کی اور یونیورسٹی کے جملہ ملازمین کی طرف سے ترکیہ کے زلزلہ زدگان کے لئے 16 لاکھ روپے کا چیک پیش کیا جو ترکیہ اور شام کے زلزلہ زدگان کے لئے قائم کردہ وزیر اعلیٰ ریلیف فنڈ میں جمع کئے جائیں گے۔ نگران وزیر اعلیٰ نے ترکیہ کے زلزلہ متاثرین کی امداد کے لئے عبدالولی خان یونیورسٹی مردان کی انتظامیہ اور جملہ عملے کے جذبے کو سراہتے ہوئے کہا عبدالولی خان یونیورسٹی کے عملے کا یہ جذبہ قابل تعریف اور دوسرے اعلیٰ تعلیمی اداروں کےلئے قابل تقلید مثال ہے۔ انہوں نے کہا کہ ترکیہ کے زلزلہ زدگان اس وقت مشکل وقت سے گزر رہے ہیں اور مشکل کی اس گھڑی میں ان کی مدد ہمارا اخلاقی فریضہ ہے۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ کہ خیبر پختونخوا کے عوام اور نگران صوبائی حکومت مشکل کی اس گھڑی میں ترکیہ کے متاثرین کے ساتھ کھڑے ہیں اور ان کی ہر ممکن مدد کے لئے پرعزم ہیں۔ یاد رہے کہ نگران وزیر اعلیٰ محمد اعظم خان نے صوبے کے مخیر حضرات، تعلیمی اداروں اور فلاحی تنظیموں کو ترکیہ اور شام کے زلزلہ زدگان کی مدد کے لئے قائم کردہ وزیر اعلیٰ فنڈ میں دل کھول کر عطیات دینے کی اپیل کی تھی۔