News Details

21/02/2023

نگران وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا محمد اعظم خان کی زیر صدارت امن و امان سے متعلق اہم اجلاس

نگران وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا محمد اعظم خان کی زیر صدارت امن و امان سے متعلق اہم اجلاس منگل کے روز وزیر اعلیٰ ہاو س پشاور میں منعقد ہواجس میں عام انتخابات کے تناظر میں صوبے کی مجموعی سکیورٹی صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔چیف سیکرٹری خیبر پختونخوا امداد اللہ بوسال،انسپکٹر جنرل پولیس اختر حیات، وزیراعلیٰ کے پرنسپل سیکرٹری امجد علی خان،سیکرٹری داخلہ خوشحال خان اور پولیس کے دیگر اعلیٰ حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔متعلقہ حکام کی جانب سے نگران وزیر اعلیٰ کو صوبے میں امن و امان کی مجموعی صورتحال خصوصی طور پر عام انتخابات کے تناظر میں سکیورٹی کے مختلف پہلوو ¿ں پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ متعلقہ حکام کی جانب سے اجلاس کو بتایا گیا کہ صوبے کی تاریخ میں پہلی دفعہ صوبے کے ضم اضلاع اور بندوبستی اضلاع میں عام انتخابات بیک وقت منعقد ہونگے اور موجودہ صورتحال میں پولیس کی دستیاب افرادی قوت عام انتخابات کی سکیورٹی کے لئے ناکافی ہے۔ مزید بتایا گیا کہ صوبائی حکومت کو ضم اضلاع اور بندوبستی اضلاع میں بیک وقت انتخابات کی سکیورٹی کے لئے 56ہزار سے زائد اضافی نفری درکار ہے جبکہ انتخابی مہم کے دوران اہم سیاسی قائدین کی سکیورٹی کے لئے بھی فرنٹیئر کور کی 1500 نفری درکار ہے۔ نگران وزیر اعلیٰ متعلقہ حکام کی جانب سے دی جانے والی بریفنگ اور سفارشات کی روشنی میں گورنر خیبر پختونخوا کو صورتحال سے تحریری طور پر آگاہ کریں گے۔