News Details
12/02/2023
نگران وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمد اعظم خان کا امراض چشم کے شعبے کو طب کی دنیا کا ایک اہم شعبہ قرار
نگران وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمد اعظم خان نے امراض چشم کے شعبے کو طب کی دنیا کا ایک اہم شعبہ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ آنکھوں کی بیماریوں کی روک تھام اور لوگوں کو آنکھوں کی بیماریوں کے علاج کی معیاری سہولیات کی فراہمی انتہائی اہمیت کا حامل ہے جس پر خصوصی توجہ دینے کی ضرورت ہے، عوام کو نچلی سطح پر اعراض چشم کے شعبے میں معیاری خدمات اور علاج معالجے کی فراہمی وقت کی اہم ضرورت ہے اور یہ بات حوصلہ افزا ہے کہ اپتھلمالوجکل سوسائٹی آف پاکستان عوام کے وسیع تر مفاد میں امراض چشم کے شعبے میں جدید تحقیق کو فروغ دینے کے لئے تحقیقی اور تعلیمی سرگرمیاں آگے بڑھا رہی ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز اپتھلمالوجکل سوسائٹی آف پاکستان خیبر پختونخوا کے زیر اہتمام منعقدہ تین روزہ آئی کانفرنس کی افتتاحی تقریب سے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تین روزہ اس کانفرنس میں ملک بھر اور بیرون ملک سے اپتھلمالوجی کے شعبے سے وابستہ سینئر ڈاکٹروں کی ایک کثیر تعداد شرکت کررہی ہے۔ کانفرنس کے انعقاد کے سلسلے میں اپتھلمالوجی سوسائٹی آف پاکستان کے عہدیداروں اور کانفرنس کے منتظمین کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے کہا کہ اس کانفرنس کا انعقاد ایک اہم اقدام اور وقت کی اہم ضرورت ہے جسے اپتھمالوجی کے شعبے میں جدید تحقیق کو آگے بڑھانے اور اعلیٰ مہارت کے حصول میں فائدہ مند ثابت ہوگا جس کے لئے سوسائٹی کے عہدیداران خراج تحسین کے مستحق ہیں اور امید ہے کہ سوسائٹی مستقبل میں بھی اس طرح کی سرگرمیاں جاری رکھے گی۔ محمد اعظم خان کا کہنا تھا کہ انہیں یہ جان کر خوشی ہے کہ پاکستان میں ماہر امراض چشم کی تعداد میں خاطر خواہ اضافہ ہوا ہے اور اس شعبے کے مزید ذیلی شعبے قائم ہورہے ہیں جس کے نتیجے میں امراض چشم کے مریضوں کو ذیادہ سے زیادہ سہولیات اور خدمات کی فراہمی کو یقینی بنانے میں مدد ملے گی اس سلسلے میں اپتھلمالوجکل سوسائٹی آف پاکستان کی کردار لائق تحسین ہے اور انہیں یقین ہے کہ اپتھلمالوجی سوسائٹی آف پاکستان ملک میں نہ صرف امراض چشم کے جدید علاج معالجے کو فروغ دینے میں کردار ادا کرے گی بلکہ حکومت کو اس سلسلے میں اپنی ترجیحات کا تعین کرنے میں بھی راہنمائی کرے گی۔ وزیر اعلیٰ کا کہنا تھا کہ حکومت عوام کو نچلی سطح پر امراض چشم کے شعبے میں معیاری علاج معالجے کی فراہمی کے لئے پر عزم ہے تاکہ تدریسی ہسپتالوں پر مریضوں کا بوجھ کم کیا جاسکے اور عوام کو ان کی دہلیز پر سستے اور معیاری علاج معالجے کی سہولیات فراہم ہوسکیں۔
کانفرنس سے پروفیسر ڈاکٹر نظیر آحمد لغاری، پروفیسر ڈاکٹر عبدالقیوم، پروفیسر ڈاکٹر شفقت اللہ مروت اور دیگر مقررین نے بھی خطاب کرتے ہوئے کانفرنس کے اعراض و مقاصد پر تفصیلی روشنی ڈالی۔آخر میں وزیر اعلیٰ نے اپتھمالوجکل سوسائٹی آف پاکستان کی طرف سے اپتھلمالوجی کے شعبے میں گراں قدر خدمات انجام دینے والے نامور ماہرین امراض چشم میں ایوارڈز اور شیلڈز تقسیم کئے۔