News Details

06/02/2023

نگراں وزیراعلی خیبرپختونخوا محمد اعظم خان نےتمام مکتبہ ہائے فکر کے مذہبی رہنماﺅں اور علمائے کرام سے خصوصی اپیل کی ہے کہ وہ صوبے کی موجودہ صورتحال کے پیش نظر فرقہ وارانہ ہم آہنگی کو فروغ دینے اور اس سلسلے میں عوام الناس کی رہنمائی کرنے میں اپنا اہم کردار ادا کریں

نگراں وزیراعلی خیبرپختونخوا محمد اعظم خان نےتمام مکتبہ ہائے فکر کے مذہبی رہنماﺅں اور علمائے کرام سے خصوصی اپیل کی ہے کہ وہ صوبے کی موجودہ صورتحال کے پیش نظر فرقہ وارانہ ہم آہنگی کو فروغ دینے اور اس سلسلے میں عوام الناس کی رہنمائی کرنے میں اپنا اہم کردار ادا کریں جو اس وقت نہ صرف صوبے بلکہ پورے ملک کی شدید ضرورت ہے ۔ یہاں سے جاری اپنے ایک بیان میں وزیراعلیٰ نے گزشتہ روز پشاور کے ایک نجی تعلیمی ادارے میں پیش آنے والے ناخوشگوار واقعے کے بعد لوگوں کے جذبات کو ٹھنڈا کرنے کے سلسلے میں علمائے کرام اور مذہبی رہنماوں کے کردار کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ صوبائی حکومت اُن کے اس مثبت کردار کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے ۔ اُنہوں نے کہا ہے کہ علمائے کرام اور مذہبی رہنماﺅں نے ہمیشہ ایسے معاملات میں مثبت اور تعمیری کردار ادا کیا ہے اور یقین ہے کہ علمائے کرام اپنا یہ مثبت کردار آئندہ بھی ادا کرتے رہیں گے ۔ محمد اعظم خان کا کہنا تھا کہ صوبے کی موجودہ صورتحال اور عام انتخابات کے پرامن انعقاد کے تناظر میں ایک پرامن ماحول کی ضرورت پہلے سے زیادہ بڑھ گئی ہے ۔ اسی صورتحال میں ہم کسی بھی فرقہ وارانہ مسائل کے متحمل نہیں ہو سکتے ۔ لہٰذا ضرورت اس امر کی ہے کہ تمام مکتبہ ہائے فکر کے علماء فرقہ وارانہ ہم آہنگی کو فروغ دینے اور ایسے ناخوشگوار صورتحال پیش آنے کی صورت میں لوگوں کے جذبات کو ٹھنڈ ا کرنے میں اپنا اہم کردار ادا کریں تاکہ ایسے معاملات کو قانون کے مطابق حل کیا جاسکے۔