News Details

03/02/2023

نگران وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا محمد اعظم خان نے واضح کیا ہے کہ وہ آئین اور قانون کے مطابق انتخابات کے انعقاد پر یقین رکھتے ہیں، انتخابات منعقد کرانا الیکشن کمیشن کی ذمہ داری ہے،

نگران وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا محمد اعظم خان نے واضح کیا ہے کہ وہ آئین اور قانون کے مطابق انتخابات کے انعقاد پر یقین رکھتے ہیں، انتخابات منعقد کرانا الیکشن کمیشن کی ذمہ داری ہے، نگران صوبائی حکومت کا کام انتخابات کے انعقاد میں الیکشن کمیشن کو انتظامی معاونت فراہم کرنا ہے اور ہم درکار تعاون کی فراہمی یقینی بنائیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کے روز گورنر خیبرپختونخوا اور نگران صوبائی کابینہ کے ہمراہ وزیراعلیٰ ہاو ¿س پشاور میں منعقدہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔انہوںنے کہاکہ اس وقت ملک کی معاشی صورتحال سب کے سامنے ہے اور صوبے کی معاشی صورتحال بھی وہی ہے جو پورے ملک میں ہے تاہم اُنہوںنے گزشتہ روز وزیراعظم سے ملاقات کرکے صوبے کو درپیش مالی مشکلات کا معاملہ اُٹھا یا ہے جس میں بجلی کے خالص منافع کی مد میں بقایا جات کی ادائیگی ، تیل اور گیس کی رائلٹی کی ادائیگی کے علاوہ امن و امان کو بہتر بنانے کیلئے پولیس فورس خصوصاً کاﺅنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ کو مضبوط بنانے کیلئے مالی وسائل اور افسران کی فراہمی سمیت دیگر معاملات شامل ہیں، وزیراعظم نے اس سلسلے میں بھرپور تعاون کی یقین دہانی کرائی ہے اور صوبائی حکومت اس سلسلے میں وزیراعظم کو تحریری مراسلہ ارسال کرے گی ۔ اُنہوںنے مزید کہاکہ نگران صوبائی حکومت موجودہ معاشی صورتحال کے پیش نظر غیر ضروری اخراجات کو کم سے کم کرے گی اور دستیاب وسائل کے بہتر استعمال کو یقینی بنائے گی ۔ ایک سوال کے جواب میں اُنہوںنے کہاکہ وہ غیر سیاسی آدمی ہیں ، سیاست سے اُن کا کوئی تعلق نہیں اور غیر جانبدارانہ طریقے سے صوبے کے انتظامی اُمور چلائیں گے ۔ ایک اور سوال کے جواب میں پولیس لائن دھماکے کو ایک اندوہناک واقعہ قرار دیتے ہوئے اُنہوںنے کہاکہ بدقسمتی سے ایسے واقعات ماضی میں ہوتے رہے ہیں حکومت کی بھر پور کوشش ہو گی کہ ایسے واقعات آئندہ رونما نہ ہوں۔ اُنہوںنے اس تاثر کو مسترد کر دیا کہ مذکورہ واقعے سے آنے والے عام انتخابات پر کوئی اثر پڑے گا۔