News Details
30/01/2023
نگران وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمد اعظم خان نے تاندہ ڈیم کوہاٹ میں کشتی ڈوبنے کے واقعے میں مقامی مدرسے کے متعدد بچوں کے جاں بحق ہونے پر دلی افسوس کا اظہار کرتے ہوئے لواحقین سے تعزیت کی ہے
نگران وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمد اعظم خان نے تاندہ ڈیم کوہاٹ میں کشتی ڈوبنے کے واقعے میں مقامی مدرسے کے متعدد بچوں کے جاں بحق ہونے پر دلی افسوس کا اظہار کرتے ہوئے لواحقین سے تعزیت کی ہے۔ یہاں سے جاری اپنے ایک بیان میں وزیر اعلیٰ نے واقعے کو انتہائی افسوسناک قرار دیتے ہوئے جاں بحق ہونے والوں کی مغفرت اور پسماندگان کے لئے صبر جمیل کی دعا کی ہے اور کہا ہے کہ وہ متاثرہ خاندانوں کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔ انہوں نے ہسپتال میں زیر علاج بچوں کی جلد صحت یابی کے لئے بھی نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے ضلعی انتظامیہ اور محکمہ صحت کے متعلقہ حکام کو زیر علاج بچوں کو بہترین طبی امداد کی فراہمی کے لئے ضروری اقدامات یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے۔ محمد اعظم خان نے ڈویژنل اور ڈسٹرکٹ انتظامیہ کو لاپتہ بچوں کی تلاش کے ریسکیو کاروائیاں تیز کرنے اور ریسکیو کاروائیوں کی خود نگرانی کرنے کی ہدایت کی ہے۔ وزیر اعلیٰ نے صوبہ بھر میں اس طرح کے ناخوشگوار واقعات کی روک تھام اور کشتی رانی کو محفوظ بنانے کے لئے بھی متعلقہ حکام کو ضروری اقدامات اٹھانے کی ہدایت کی ہے۔ قبل ازیں وزیر اعلیٰ نے واقعے کی اطلاع ملتے ہی ڈویژنل اور ڈسٹرکٹ انتظامیہ کوہاٹ کو ڈوبنے والے بچوں کو بحفاظت ریسکیو کرنے کے لئے ہنگامی بنیادوں پر کارروائی عمل میں لانے اور اس مقصد کے لئے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لانےکی ہدایت کی۔