News Details
20/01/2023
وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی واحد پارٹی ہے جس کی حکومت کے اختتام پر بھی لوگ جوق درجوق اس میں شمولیت اختیار کر رہی ہے
وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی واحد پارٹی ہے جس کی حکومت کے اختتام پر بھی لوگ جوق درجوق اس میں شمولیت اختیار کر رہی ہے جو پی ٹی آئی کی قیادت پر عوام اور سیاست میں دلچسپی لینے والے حلقوں کے بھرپور اعتماد کا واحد ثبوت ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ضلع دیر سے پیپلز پارٹی کے عہدیداروں کی پاکستان تحریک انصاف میں شمولیت کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ پیپلز پارٹی ضلع دیر کے عہدیداروں نے جمعرات کے روز وزیراعلیٰ ہاو ¿س پشاور میںوزیراعلیٰ محمود خان سے ملاقات کی اور پی ٹی آئی میں شمولیت کا باضابطہ اعلان کیا۔ ایم این اے بشیر خان اور سابقہ صوبائی وزیر محب اللہ بھی اس موقع پر موجود تھے۔پاکستان پیپلز پارٹی سے تعلق رکھنے والے سابقہ ڈسٹرکٹ کونسلرچکدرہ حاجی نواب ، تالاش تیمر گرہ سے پاکستان پیپلز پارٹی کے سابقہ ڈسٹرکٹ کونسلر محمد اسرار ، لوئیر دیر کوٹی گرام سے تعلق رکھنے والے پاکستان پیپلز پارٹی کے سابقہ ڈسٹرکٹ کونسلر ہارون الرشید اور پاکستان پیپلز پارٹی سے تعلق رکھنے والے لوئیر دیر تالاش کے صدر ملک ممتاز جبکہ قومی وطن پارٹی تحصیل تیمر گرہ کے صدر اور 2013 میں صوبائی اسمبلی کے امیدوار خضر حیات نے پاکستان تحریک انصاف میں شمولیت اختیار کی۔ وزیراعلیٰ نے پی ٹی آئی میں شامل ہونے والوں کا خیر مقدم کیا اور انہیں عوام کی نمائندہ سیاسی جماعت کا انتخاب کرنے پر خراج تحسین پیش کیا۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ پی ٹی آئی نے نچلی سطح پر تمام سیاسی جماعتوں کا تقریباً صفایا کردیا ہے۔ نہ صرف عوام بلکہ روایتی سیاسی جماعتوں سے وابستہ رہنما ، عہدیدار اور ان کے کارکنان بھی پی ٹی آئی میں شمولیت اختیار کررہے ہیں۔ وزیراعلیٰ نے واضح کیا کہ عمران خان واحد لیڈر ہے جو اس وقت ملک و قوم کے مفاد میں جدوجہد کر رہے ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ ہر گزرتے دن کے ساتھ ساتھ ان کی عوامی مقبولیت اور سیاسی طاقت میں اضافہ ہورہا ہے۔ وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ باشعو ر عوام اچھی طرح سمجھ چکے ہیں کہ صرف عمران خان ہی ملک کو مسائل کی دلدل سے نکال کر ترقی کی راہ پر گامز ن کر سکتے ہیں۔ پی ٹی آئی کی مخالف پیداگیر سیاسی جماعتوں کا اصل چہرہ عوام کے سامنے عیاں ہوچکا ہے اور وہ کسی صورت ان پر اعتماد نہیں کریں گے۔ وزیراعلیٰ نے اس موقع پر صوبائی حکومت کی ترقیاتی و فلاحی حکمت عملی کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ان کی حکومت نے گزشتہ ساڑھے چار سالوں میں تمام شعبوں کی بہتری و بحالی کےلئے ٹھوس اقدامات اٹھائے ہیں۔ خصوصی طور پر صحت ، تعلیم اور دیگر سماجی خدمات کے اداروں کو جدید خطوط پر استوار کرنے کیلئے متعدد اصلاحی اور ترقیاتی منصوبے مکمل کئے گئے ہیں، جن کے مثبت نتائج سے عوام مستفید ہو رہے ہیں۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ پی ٹی آئی اپنی کارکردگی کی بدولت دوبارہ بھاری اکثریت کے ساتھ حکومت میں آئے گی اور صوبے کے تمام علاقوں کی یکساں ترقی کے سلسلے میں اپنے اہداف کو پایہ تکمیل تک لے جائے گی۔ وزیراعلیٰ نے اس موقع پر کہا کہ وہ بہت جلد ضلع دیر میں بھی ایک عظیم الشان جلسہ کریں گے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ ان کی حکومت نے دیر اور دیگر پسماندہ اضلاع کی ترقی پر خصوصی توجہ دی ہے ۔ دیر میں تیسرے ضلع "سنٹرل دیر" اور تین نئی تحصیلوں کا اعلامیہ جاری کیا جاچکا ہے جو وہاں کے عوام کا دیرینہ مطالبہ تھا۔ اس موقع پر شمولیتی وفد نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ آنے والے عام انتخابات میں پاکستان تحریک انصاف کی بھر پور حمایت کریں گے اور ضلع دیر میں کلین سویپ کریں گے۔ ایم این اے بشیر خان نے واضح کیا کہ صوبائی حکومت کی جانب سے فراہم کردہ ترقیاتی فنڈز کے باعث ضلع دیر میں متعدد ترقیاتی منصوبے پایا تکمیل کو پہنچے جن میں یونیورسٹی کا قیام ، میڈیکل کالج کی تکمیل ، کوٹو ہائیڈرو پاور پراجیکٹ کی تکمیل ، گرڈ اسٹیشن کا قیام اور کیڈٹ کالج کا قیام شامل ہے۔ علاوہ ازیں متعدد ترقیاتی منصوبوں پر پیشرفت جاری ہے جن میں کمراٹ روڈ اور دیر موٹر وے جیسے اہم منصوبے شامل ہیں۔