News Details

18/01/2023

وزیر اعلی خیبر پختونخوا محمود خان کی زیرصدارت صوبائی کابینہ کے اجلاس میں مختلف کیڈرز کے ایک لاکھ 30 ہزار سے زائد اساتذہ کی اگلے گریڈوں میں اپ گریڈیشن کی منظوری دیدی۔

وزیر اعلی خیبر پختونخوا محمود خان کی زیرصدارت صوبائی کابینہ کے اجلاس میں مختلف کیڈرز کے ایک لاکھ 30 ہزار سے زائد اساتذہ کی اگلے گریڈوں میں اپ گریڈیشن کی منظوری دیدی۔ فیصلے کی رو سے گریڈ 12 کے پی ایس ٹی اساتذہ کو گریڈ 14، گریڈ 15 کے سی ٹی ٹیچرز کی گریڈ سولہ، گریڈ 16 کے ایس ایس ٹیز کی گریڈ 17 میں اپ گریڈیشن ہو گی۔کابینہ کا 86 واں اجلاس وزیر اعلی محمود خان کی زیر صدارت سول سیکرٹریٹ کے کیبنٹ روم میں ہوا۔ اجلاس میں کابینہ کے ارکان، چیف سیکرٹری، ایڈیشنل چیف سیکرٹری، سینئیر ممبر بورڈ آف ریونیو اور انتظامی سیکرٹریوں نے شرکت کی، کابینہ میں لیے گئے فیصلوں کے حوالے سے بریفنگ دیتے ہوئے معاون خصوصی اطلاعات بیرسٹر محمد علی سیف اور صوبائی وزیر تعلیم شہرام خان ترکئی نے کہا کہ تعلیمی شعبے کی ترقی پاکستان تحریک انصاف کی ترجیحات میں سر فہرست رہا ہے اور صوبائی حکومت نے اس حوالے سے انقلابی اقدامات کئے ہیں جس سے ہزاروں کی تعداد میں خالص میرٹ پر اساتذہ کی بھرتی، ڈبل شفٹ کا اجراء، قران کریم کی تعلیم کو لازمی قرار دینے سمیت تعلیم کے لیے بجٹ میں ریکارڈ فنڈز مختص کرنا شامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ کابینہ نے ایس ایس ٹی مردانہ و زنانہ اساتذہ کی گریڈ 16 سے گریڈ 17 میں اپ گریڈیشن کی منظوری دی۔ اس سے 21 ہزار 800 اساتذہ مستفید ہوں گے اور اس کا اطلاق یکم جولائی 2023 سے ہوگا۔ شہرام خان نے کہا کہ کابینہ نے پرائمری سکول ٹیچرز کی بی ایس 12 سے بی ایس 14 میں اپ گریڈیشن کی منظوری دی۔ اس کا اطلاق بھی یکم جولائی 2023 سے ہوگا اور اس سے 51 ہزار سے زیادہ اساتذہ مستفید ہوں گے۔ اس طرح گریڈ 15 کے پرائمری ٹیچرز یکم جولائی 2023 سے گریڈ 16 میں چلے جائیں گے۔ بیرسٹر محمد علی سیف نے بتایا کہ کابینہ نے پشاور پریس کلب کے لیے 5 کروڑ روپے کے ون ٹائم گرانٹ کی منظوری دی جبکہ سوات پریس کلب کے لیے دو کروڑ اور نوشہرہ پریس کلب کے لیے 50 لاکھ روپے ون ٹائم گرانٹس دینے کی منظوری دی گئی۔ انہوں نے کہا کہ کا بینہ نے پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف پروستھیٹک اینڈ آرتھوٹک سائینسز (PIPOS) کے بورڈ آف منیجمنٹ کے چئیرمین اور ممبران کے دوسرے ٹرم کے لیے جبکہ ایک ممبر کی پہلی دفعہ بحیثیت بورڈ ممبر منظوری دی گئی۔ صوبائی کابینہ نے موسمیاتی تبدیلی (Climate Change)کے تناظر میں اربن پالیسی اور ایکشن پلان کی منظوری دے دی ہے۔ ایکشن پلان کے تحت سٹی پارکس، چھوٹے پارکس، گارڈنز، گلیوں اور چوراہوں میں درخت لگانے،گرین بیلٹس سڑکوں کے کنارے، درخت کینالز کے ساتھ درخت, سرکاری عمارتوں میں درخت اور پودے لگانے جیسے اقدامات قابل ذکر ہیں۔ان اقدامات سے موسیمیاتی تبدیلیوں کے منفی اثرات کم کرنے اور شہروں کی خوبصورتی یقینی بنائی جا سکے گی کابینہ نے خیبر پختونخوا وقار نسواں کمشن ترمیمی بل کی منظوری دی۔ ترمیم کے تحت خیبر پختونخوا کے تمام اضلاع میں خواتین کی فلاح و بہبود اور ان کو درپیش مسائل کے حل کے لیے کمیٹیاں بنائی جائیں گی۔ ضلع کمیٹی کی چئیر پرسن خاتون ہوگی جبکہ دیگر ممبران کے علاوہ کمیٹی میں دو منتخب بلدیاتی خواتین کونسلرز کو نمائندگی دی جائے گی۔ بیرسٹر سیف نے کہا کہ کابینہ نے امید سپیشل ایجوکیشن سکول کے لیے مالی سال 2022-23 کے لیے 5 ملین روپے گرانٹ کی فراہمی کی منظوری دی۔جبکہ ضلع بنوں کے تحصیل ککی میں ریسکیو 1122 سٹیشن کے قیام کے لیے 3 کنال اراضی کے ٹرانسفر کی منظوری دی۔ سٹیشن کے قیام سے بنوں کے دور دراز علاقے کے عوام کو قدرتی آفات اور ایمرجنسی صورت میں فوری ریلیف ملے گی۔ اسی طرح کابینہ نے محکمہ پولیس میں چار سال قبل پبلک سروس کمشن کے ذریعے منتخب ہونے والے 77 اسسٹنٹ سب انسپکٹروں کو عمر میں رعایت کی منظوری دی۔ کابینہ نے صوبے کے 20 حساس اضلاع میں گاڑیوں کی بلٹ پروفنگ کے لیے 180 ملین روپے ضمنی بجٹ کی کی فراہمی کی منظوری دی۔بیرسٹر محمد علی سیف نے کہا کہ کابینہ نے لائیو سٹاک ایکٹ کے تحت جانوروں کی بیماری سے تحفظ اور زونوٹک بیماری کے تدارک کے لیے ڈیزیز کنٹرول ایکٹ 2022 اور خیبر پختونخوا اینمل ویلفئیر ایکٹ 2022 کی منظوری دی جبکہ اس موقع پر مالی سال 23-2022 کے لیے شاہراہوں کی تعمیر کے لیے پختونخوا ہائی ویز اتھارٹی کے لیے 19414 ملین روپے کے سالانہ بجٹ کی بھی منظوری دی گئی۔ کابینہ نے بورڈ آف جنرل پراویڈنٹ فنڈ کے لیے سرکاری ملازمین کی جانب سے گریڈ 19 کے آفیسر عدیل شاہ کی بطور ممبر نامزدگی کی منظوری دی۔انہوں نے کہا کہ کابینہ نے مینگورہ گریٹر گریویٹی واٹر سپلائی سکیم کے لیے واٹر ٹینکس کی تعمیر کے لیے اراضی حاصل کرنے کی منظوری دی۔ اسی طرح کابینہ نے پختونخوا ایجوکیشنل اینڈ ٹریننگ انسٹی ٹیوشن آردیننس 1971 کا دائرہ صوابی ماڈل سکول کوٹھا تک بڑھانے کی منظوری دی۔ کابینہ نے چترال فارسٹ ڈویژن کے فارسٹر شہید جمشید اقبال کے لیے خصوصی معاوضہ پیکج کے لیے گرانٹ اور ورلڈ بنک انٹیگریٹڈ ٹورزم ڈیویلپمنٹ پروجیکٹ کے تحت ایبٹ آباد ٹھنڈیانی روڈ امپرومنٹ اور اپ گریڈیشن کی بھی منظوری دی۔ موجودہ کابینہ کے آخری اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلی نے کابینہ ارکان باالخصوص بیوروکریسی کے بھرپور تعاون پر شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ ٹیم ورک اور بہترین منصوبہ بندی کے ذریعے صوبے کی تیز تر ترقی یقینی بنائی گئی۔ اس دوران سرکاری افسران اور عوام کا بھرپور تعاون حاصل رہا۔ انہوں نے کہا کہ اساتذہ کی اپ گریڈیشن کی وجہ سے تعلیمی شعبہ ترقی کے منازل طے کرے گا اور اساتذہ دلجمعی کے ساتھ نئی نسل کو تعلیم کے زیور سے آراستہ کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ تعلیمی شعبے کی ترقی تحریک انصاف کے منشور کا حصہ ہے اور ہم نے چئیرمین تحریک انصاف کے وژن کے مطابق تعلیم کو اولین ترجیح دی۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ تحریک انصاف آئندہ انتخابات میں دوتہائی اکثریت سے کامیاب ہوگی اور عوامی خدمت کا سفر جاری رکھے گی۔ وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان نے کہا کہ خیبرپختونخوا اسمبلی کے تحلیل کے لیے سمری آج ارسال کریں گے اور اس بارے کوئی دوسری رائے نہیں۔ انہوں واضح کیا کہ ملکی مفاد میں خیبرپختونخوا اسمبلی آج ہی تحلیل کریں گے،پریس بریفنگ کے دوران پشاور پریس کلب کے نومنتخب صدر ارشد عزیز ملک نے پریس کلب پشاور کے گرانٹ کی منظوری اور صحافیوں کے لیے مختلف مراعات دینے پر وزیراعلی خیبر پختونخوا اور محکمہ اطلاعات کا شکریہ ادا کیا۔