News Details
13/01/2023
وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان نے کہا ہے کہ امپورٹڈ حکومت کی نااہل پالیسیوں کی وجہ سے جو ملک کے حالات ہیں اور صوبے کے ساتھ جو امتیازی سلوک کیا جارہا ہے وہ سب کے سامنے ہے
وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان نے کہا ہے کہ امپورٹڈ حکومت کی نااہل پالیسیوں کی وجہ سے جو ملک کے حالات ہیں اور صوبے کے ساتھ جو امتیازی سلوک کیا جارہا ہے وہ سب کے سامنے ہے۔ سازش کے تحت وجود میں آنے والی حکومت اب کشکول لے کر دُنیا بھر میں گھوم رہی ہے ۔ امپورٹڈ حکمرانوں کی طرف سے حق تلفی کے باوجود پی ٹی آئی کی صوبائی حکومت نے ثابت کیا ہے کہ یہ حقیقی معنوں میں عوام کی نمائندہ جماعت ہے ۔ ہم سیاست میں اپنا کاروبار کرنے یا اثاثے بنانے نہیں آئے بلکہ ہم انسانیت کی خدمت پر یقین رکھتے ہیں اور اس مقصد کیلئے اپنی استعداد سے بڑھ کر اقدامات اُٹھائے ہیں۔موجودہ حکومت نے گزشتہ چار سالوں کے دوران صحافتی برادری کی فلاح خصوصاًپریس کلبوں کی تعمیر نو و بحالی ، انہیں گرانٹ کی فراہمی، میڈیا کالونیوں کے قیام اور شعبہ صحافت سے وابستہ دیگر سرگرمیوں پر خطیر وسائل خرچ کئے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار اُنہوںنے جمعرات کے روز وزیراعلیٰ ہاﺅس پشاو رمیں سوات پریس کلب، سوات یونین آف جرنلسٹس اور نوشہرہ پریس کلب کی نومنتخب کابینہ کی حلف برداری کی تقاریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔صوبائی وزیر ڈاکٹر امجد، وزیر اعلیٰ کے مشیر خلیق الرحمن، معاون خصوصی برائے اطلاعات بیرسٹر محمد علی سیف، اراکین صوبائی اسمبلی میاں شرافت علی اور فضل حکیم ، سیکرٹری اطلاعات ارشد خان اور ڈی جی محکمہ اطلاعات امداد اللہ نے بھی تقریب میں شرکت کی۔ وزیر اعلیٰ نے سوات اور نوشہرہ پریس کلبوںاور یونین آف جرنلسٹس کی نومنتخب کابینہ سے باضابطہ حلف لیا۔ انہوں نے نوشہرہ پریس کلب کے نومنتخب صدر جہانزیب خٹک ، نومنتخب صدر سوات پریس کلب شیرین زادہ ، سوات یونین آف جرنلسٹس کے صدر حضرت علی اور اُن کی کابینہ کے دیگر اراکین کو مبارکباد پیش کی اور اُمید ظاہر کی کہ نو منتخب اراکین اپنے عزم کے مطابق مثبت صحافت کے فروغ اور معاشرے کی اصلاح کے لیے اپنا کردار بطریق احسن ادا کریں گے۔ وزیراعلیٰ نے اس موقع پر صوبائی حکومت کی کارکردگی کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ پی ٹی آئی کی صوبائی حکومت نے عمران خان کے وژن اور پارٹی منشور کے مطابق حکمرانی کے شفاف نظام،اداروں کی بہتری و بحالی اور عوامی فلاح و بہبود کے لیے اپنی استعداد اور وسائل سے بڑھ کر اقدامات اُٹھائے ہیں۔ہمارا کام خلوصِ نیت اور ایمانداری کے ساتھ کوشش کرناہے،نتائج دینے والی ذات اللہ تعالیٰ ہے اور اسی پر ہم بھروسہ کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یکساں ترقیاتی حکمتِ عملی کے تحت معاشرے کے تمام طبقات اور شعبوں کی فلاح پر توجہ دی گئی ہے، اصل مقصد عوام کی بلا تفریق خدمت ہے جس کے لیے ہر ممکن اقدامات اُٹھائے گئے ہیں۔ ایک پرامن اور فلاحی معاشرے کی تشکیل مربوط ٹیم ورک کی متقاضی ہے جس کیلئے حکومتی مشینری سمیت تمام متعلقہ شعبوں کو اپنا کردار ایمانداری سے ادا کرنا ہے، شعبہ صحافت کا بھی اس مجموعی عمل میں کلیدی کردار ہے جس کی وجہ سے اُسے ریاست کا چوتھا ستون مانا جاتا ہے۔وزیراعلیٰ نے کہاکہ ذمہ دارانہ صحافت کے معاشرے کی اصلاح میں کردار سے کوئی بھی انکار نہیں کر سکتا تاہم اُنہوںنے کہاکہ یہ ایک بڑی ذمہ داری کا کام ہے جو تحقیق اور اخلاص کا تقاضا کرتا ہے ۔ اُنہوںنے واضح کیاکہ میرٹ ، شفافیت اور قانون کی بالادستی پی ٹی آئی کی حکومت کی شروع دن سے پہلی ترجیح رہی ہے ۔ کون کرپٹ ہے اور کون شفاف یہ سب اچھی طرح جانتے ہیں اور اﷲ تعالیٰ ہم سب کے حالات اور کاموں سے واقف ہے ۔ محمود خان نے کہا کہ جن لوگوں نے عوام کا پیسہ لوٹ کر اپنے اثاثے بنائے وہ ہر کسی پر عیاںہیں ۔ وزیراعلیٰ نے اس موقع پر سوات اور نوشہرہ پریس کلبوں کو درپیش مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہاکہ ان کی حکومت نے صحافتی برادری کو درپیش مسائل کے حل کے لیے ہر ممکن تعاون کیا ہے اور آئندہ بھی اُن کے جائز مسائل قانون کے مطابق حل کرنے کی بھر پور کوشش کی جائے گی ۔