News Details
28/12/2022
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے نصیر اﷲ بابر ہسپتال پشاور کی توسیع و اپگریڈیشن کے منصوبے پر تیز رفتار پیشرفت یقینی بنانے اور اس مقصد کیلئے مجوزہ اراضی کی محکمہ صحت کو باضابطہ منتقلی اور منصوبے کی فزبیلٹی اسٹڈی کو جلد حتمی شکل دینے کی ہدایت کی ہے
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے نصیر اﷲ بابر ہسپتال پشاور کی توسیع و اپگریڈیشن کے منصوبے پر تیز رفتار پیشرفت یقینی بنانے اور اس مقصد کیلئے مجوزہ اراضی کی محکمہ صحت کو باضابطہ منتقلی اور منصوبے کی فزبیلٹی اسٹڈی کو جلد حتمی شکل دینے کی ہدایت کی ہے ۔ وزیراعلیٰ نے کہاکہ پشاور میں بڑھتی ہوئی آبادی کے تناظر میں یہ منصوبہ بڑی اہمیت کا حامل ہے ۔صوبائی حکومت مختلف شعبوں خصوصاً صحت میں مستقبل کی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے طویل مدتی منصوبہ بندی کے تحت کام کر رہی ہے ۔اس سلسلے میں صوبائی حکومت کے جاری اقدامات کی تکمیل سے عوام کو بنیادی خدمات کی فراہمی کا ایک بہترین نیٹ ورک سامنے آئے گا۔ وہ منگل کے روز وزیراعلیٰ ہاﺅس پشاور میں نصیر اﷲ بابر ہسپتال پشاور کی توسیع و اپ گریڈیشن کے منصوبے کے حوالے سے ایک اجلاس کی صدارت کر رہے تھے ۔ اراکین صوبائی اسمبلی آصف خان اور ملک واجد ، محکمہ صحت اور خوراک کے انتظامی افسران اور دیگر متعلقہ حکام نے اجلاس میں شرکت کی ۔ اجلاس کو منصوبے پر پیشرفت کے حوالے سے بریفینگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ وزیراعلیٰ کی ہدایت پر متعلقہ حکام نے نصیر اﷲ بابر ہسپتال پشاور کی توسیع و اپگریڈیشن کیلئے مجوزہ زمین کا جائزہ لیا ہے جس کی محکمہ صحت کو حوالگی کیلئے باضابطہ منظوری کی ضرورت ہے ۔ وزیراعلیٰ نے منصوبے کی فزبیلٹی کو بھی بلاتاخیر حتمی شکل دینے کی ہدایت کی اور کہاکہ صوبائی حکومت اس مقصد کیلئے درکار وسائل ترجیحی بنیادوں پر فراہم کرے گی ۔ وزیراعلیٰ نے واضح کیا کہ پشاور میں صحت سہولیات کی بڑھتی ہوئی طلب کے پیش نظر نصیر اﷲ بابر ہسپتال کی توسیع و اپگریڈیشن کا منصوبہ بڑی اہمیت کا حامل ہے ۔ اس منصوبے کی تیز رفتار اور دیر پا بنیادوں پر تکمیل کیلئے ٹھوس اقدامات اُٹھائے جائیں ۔ وزیراعلیٰ نے کہاکہ صوبے کی آبادی بڑھتی جارہی ہے جس کی وجہ سے سماجی خدمات کے تمام شعبوں خصوصاً صحت اور اعلیٰ تعلیم میں آبادی کے تناسب سے ترقیاتی و فلاحی اقدامات کی ضرورت ہمیشہ رہے گی ۔ وزیراعلیٰ نے کہاکہ یہی وجہ ہے کہ صوبائی حکومت نے مستقبل کی ضروریات کو مدنظر رکھ کر طویل مدتی اور وسط مدتی ترقیاتی منصوبہ بندی کر رکھی ہے ۔ صوبائی حکومت نہ صرف عوام کو درپیش مسائل کے فوری ازالے کیلئے اقدامات اُٹھا رہی ہے بلکہ مستقبل میں پیش آنے والے ممکنہ مسائل کے پیشگی حل پر بھی کام کر رہی ہے ۔ وزیراعلیٰ نے کہاکہ اس سلسلے میں شعبہ صحت پر خصوصی توجہ دی گئی ہے ۔ نصیر اﷲ بابر ہسپتال کی توسیع کا منصوبہ بھی صحت سہولیات کے قیام و اپگریڈیشن کے سلسلے میں صوبائی حکومت کی منصوبہ بندی کا حصہ ہے ۔ وزیراعلیٰ نے کہاکہ صوبائی حکومت نے محدود مالی وسائل کے باوجود شعبہ صحت میں متعدد منصوبے مکمل کئے ہیں جبکہ ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتالوں کا معیار بلند کرنے اور چار نئے بڑے ہسپتالوں کے قیام کے منصوبوں پر کام جاری ہے ۔ اُنہوںنے کہا کہ ان منصوبوں کی تکمیل سے عوام کو اُن کی دہلیز پر صحت کی معیاری سہولیات فراہم کرنے میں مدد ملے گی ۔