News Details

26/12/2022

وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان نے واٹر اینڈ سینی ٹیشن سروسز پشاور( ڈبلیو ایس ایس پی) کو 41 کروڑ 35 لاکھ روپے لاگت سے خریدی گئی نئی سالڈ ویسٹ مشینری حوالے کر دی ہے

وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان نے واٹر اینڈ سینی ٹیشن سروسز پشاور( ڈبلیو ایس ایس پی) کو 41 کروڑ 35 لاکھ روپے لاگت سے خریدی گئی نئی سالڈ ویسٹ مشینری حوالے کر دی ہے ۔ اس سلسلے میں وزیر اعلیٰ ہاؤس میں ایک تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں وزیر اعلیٰ نے ڈبلیو ایس ایس پی کے دائرہ کار میں شامل 11 نئی نیم شہری یونین کونسلز کے لیے خریدی گئی سالڈ ویسٹ مشینری حوالے کی۔ نئی خریدی گئی سالڈ ویسٹ مشینری میں 33 منی ڈمپرز، 55 کنٹینرز، 16 ٹریکرز اور ٹرالیاں، 11 آرم رولز، 4 ایف ای لوڈرز، اور 4 ایکسکیویٹرز شامل ہیں۔ ڈبلیو ایس ایس پی میں شامل کی گئی ضلع پشاور کی گیارہ نئی یونین کونسلز میں اچینی بالا، چمکنی، لڑمہ، پجگی، پخہ غلام، پشتخرہ پایان، ریگی، سربند، سفید ڈھیری، وڈ پگہ اور میرہ کچوڑی شامل ہیں۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے کہا کہ صوبائی حکومت عوام کو صفائی ستھرائی سمیت تمام سہولیات کی فراہمی کے لیے نہ صرف پر عزم ہے بلکہ اس مقصد لیے ٹھوس اقدامات بھی اٹھائے جا رہے ہیں۔موجودہ حکومت صوبہ بھر میں سروس ڈیلیوری کو بہتر اور تمام شہریوں کی خدمات تک آسان اور یکساں رسائی یقینی بنانے پر خطیر وسائل خرچ کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ شہریوں کے طرز زندگی کو بہتر بنانے اور انہیں تمام سہولیات گھر کی دہلیز پر فراہم کرنے کے لیے ہر شعبے میں اربوں روپے مالیت کے منصوبوں پر کام جاری ہے جن کی تکمیل سے شہریوں کے طرز زندگی میں ایک مثبت تبدیلی رونما ہوگی۔ وزیر اعلیٰ کا کہنا تھا کہ خیبرپختونخواکے پانچ ڈویژنل ہیڈ کوارٹرز میں پینے کے صاف پانی کی فراہمی ، پارکوں اورتفریحی مقامات کی تعمیر، نکاسی آب اور کوڑ ا کرکٹ کومناسب طریقے سے ٹھکانے لگانے اور دیگر شہری سہولیات کی فراہمی کیلئے 97 ارب روپے کے تخمینہ لاگت سے خیبرپختونخوا سٹیز امپرومنٹ پراجیکٹ(KPCIP) شروع کیا گیا ہےجو عوام کو بہترین شہری خدمات اور تفریحی سہولیات کی فراہمی کے سلسلے میں اہم سنگ میل ثابت ہو گا۔