News Details

16/12/2022

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان کا ضلع مردان میں 15.5 ارب روپے مالیت کے متعدد ترقیاتی منصوبوں کا افتتاح اور سنگ بنیاد مردان میںمیڈیکل کالج اور میگا پارک مکمل ، وزیراعلیٰ نے افتتاح کر دیا اگلی حکومت بھی پاکستان تحریک انصاف کی ہی ہو گی، وزیراعلیٰ محمود خان

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان کا ضلع مردان میں 15.5 ارب روپے مالیت کے متعدد ترقیاتی منصوبوں کا افتتاح اور سنگ بنیاد مردان میںمیڈیکل کالج اور میگا پارک مکمل ، وزیراعلیٰ نے افتتاح کر دیا اگلی حکومت بھی پاکستان تحریک انصاف کی ہی ہو گی، وزیراعلیٰ محمود خان وفاق خیبرپختونخوا کے وسائل پر قابض ہے، اپنے حق کے حصول کیلئے تمام راستے اختیار کریں گے، محمود خان وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان نے ضلع مردان میں 15.5 ارب روپے مالیت کے مختلف ترقیاتی منصوبوں کا افتتاح اور سنگ بنیاد رکھا ہے اور کہا ہے کہ صوبائی حکومت عوام کا پیسہ عوام کی فلاح و ترقی پر خرچ کر رہی ہے جبکہ امپورٹڈ وفاقی حکومت خیبرپختونخوا میں جاری ترقیاتی عمل میں روڑے اٹکا رہی ہے۔ امپورٹڈ حکمران جتنی بھی کوشش کر لیں وہ اپنے مذموم عزائم میں کامیاب نہیں ہوں گے ۔ آنے والا دور بھی پاکستان تحریک انصاف ہی کا ہوگا۔ وزیراعلیٰ نے جمعرات کے روز ضلع مردان کادورہ کیا جس کے دوران انہوں نے مکمل شدہ منصوبوں کا افتتاح کیا اور سٹیز امپرومنٹ پراجیکٹ سمیت دیگر میگا منصوبوں پر کام کا باضابطہ اجراءکیا۔ وزیراعلیٰ نے 1.8 ارب روپے کی لاگت سے مکمل ہونے والے باچا خان میڈیکل کالج کا باضابطہ افتتاح کیا ۔ یہ کالج 51 کنال رقبے پر قائم کیا گیا ہے جس میں 1250 طلبہ زیر تعلیم ہیں۔ اسی طرح وزیراعلیٰ نے40 کروڑ روپے کی لاگت سے مکمل ہونے والے مردان میگا پارک کا بھی افتتاح کیا ۔ 400کنال وسیع رقبے پر قائم اس پارک میں واٹرسلائیڈز ، چلڈرن پلے ایریا، الیکٹرانک ڈائینوسار اور دیگر تفریحی سہولیات موجودہیں۔ وزیراعلیٰ نے اس موقع پر خیبرپختونخوا سٹیز امپرومنٹ پراجیکٹ کے تحت ضلع مردان میں سیوریج سسٹم کی بحالی اور نئے ٹریٹمنٹ پلانٹ کے قیام کے منصوبے کا سنگ بنیاد رکھا جو 8.3 ارب روپے کے تخمینہ لاگت سے مکمل کیا جائیگا۔ انہوں نے ضلع میں انٹیگریٹڈ سالڈ ویسٹ منیجمنٹ سسٹم کے قیام کے منصوبے پر کام کا باضابطہ اجراءبھی کیا جو 3.8 ارب روپے کے تخمینہ لاگت سے مکمل کیا جائیگا۔ وزیراعلیٰ نے اس موقع پر 3.3 ارب روپے کے تخمینہ لاگت سے 19 کلومیٹر طویل کاٹلنگ تا چونگی روڈ کی ڈوئیلائزیشن کے منصوبے کی تعمیر کا سنگ بنیاد بھی رکھا۔ منصوبوں کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہا کہ صوبے کے بڑے شہروں میں عوام کو بہترین شہری خدمات اور سہولیات فراہم کرنے کیلئے سٹیز امپرومنٹ پراجیکٹ شروع کیا گیا ہے جس کے تحت پہلے مرحلے میں صوبے کے پانچ ڈویژنل ہیڈ کوارٹرز میں منصوبوں پر عملدرآمد شروع ہوچکا ہے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ سٹیز امپرومنٹ پروجیکٹ منصوبہ ترجیحی بنیادوں پر مکمل کیا جائیگا۔ اس منصوبے کی تکمیل سے ڈویژنل ہیڈ کوارٹر زکا نقشہ بدل جائیگا۔ انہوں نے مزید کہا کہ صوبائی حکومت صحت کارڈ ، کسان کارڈ اور ایجوکیشن کارڈ جیسے عوام دوست اقدامات کے ذریعے براہ راست عوام پر سرمایہ کاری کررہی ہے۔ اس کے علاوہ صوبے کی فوڈ سکیورٹی کو یقینی بنانے کیلئے بھی قابل عمل منصوبہ بندی کے تحت کام جاری ہے۔ اس سلسلے میں چشمہ رائٹ بینک لفٹ کینال منصوبہ بڑی اہمیت کا حامل ہے جو لاکھوں ایکڑ بنجر اراضی کو سیراب کرنے میں مدد دیگا۔ وزیراعلیٰ نے اس موقع پر موجودہ وفاقی حکومت کے صوبے کے ساتھ غیر منصفانہ رویے کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ امپورٹڈ حکومت خیبرپختونخوا کے وسائل پر قابض ہے۔ انہوں نے امپورٹڈ حکمرانوں سے سوال کیا کہ کیاخیبرپختونخوا اس ملک کا حصہ اور وفاق کی اکائی نہیں ہے ؟ اگر ہے تو پھر اس کا حق دیا جائے۔ وزیراعلیٰ نے واضح کیا کہ وفاقی حکومت سے ہم صوبے کے حقوق لینے کیلئے ہر حد تک جائیں گے، ضرورت پڑی تو دھرنا بھی دیں گے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ اس وقت صوبے کے 189 ارب روپے وفاقی حکومت کے ذمے بقایا ہیں، ہم کسی صورت بھی اپنے جائز حقوق سے دستبردار نہیں ہوں گے۔ یہ صوبے کے عوام کا قانونی حق ہے جو ان کی فلاح و بہبود پر خرچ ہونا چاہئیے۔ وزیراعلیٰ نے اس موقع پر صوبائی اسمبلی کی تحلیل سے متعلق بات کرتے ہوئے کہاکہ خیبرپختونخوا حکومت اور اسمبلی عمران خان کی امانت ہیں، وہ جب اشارہ کریں گے ہم اسمبلی تحلیل کر دیں گے۔بعد ازاں وزیراعلیٰ نے میڈیا نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ رواں صوبائی سالانہ ترقیاتی پروگرام میں ضلع مردان کے 43 ارب روپے مالیت کے منصوبے شامل ہیں ۔ اُنہوں نے مزید کہاکہ ہر ضلع میںضرورت کی بنیاد پر اربوں روپے مالیت کے منصوبے شامل کئے گئے ہیں جن کی تکمیل سے ہر علاقے کا نقشہ بدل جائے گا۔