News Details
07/12/2022
خیبر پختونخوا حکومت صوبے میں سیاحت کو بطور صنعت متعارف کرانے کے لیے ٹھوس اقدامات اٹھا رہی ہے، اس سلسلے میں چار مختلف مقامات پر انٹگریٹیڈ ٹوارزم زونز کے قیام کیلئے ٹینڈرز بہت جلد جاری کر دیئے جائیں گے
خیبر پختونخوا حکومت صوبے میں سیاحت کو بطور صنعت متعارف کرانے کے لیے ٹھوس اقدامات اٹھا رہی ہے، اس سلسلے میں چار مختلف مقامات پر انٹگریٹیڈ ٹوارزم زونز کے قیام کیلئے ٹینڈرز بہت جلد جاری کر دیئے جائیں گے۔ اس کے علاوہ قومی سطح پر کراچی میں رواں ماہ ہی روڈ شو/ انوسٹر کانفرنس منعقد کی جائے گی جبکہ 26 دسمبر کو لاہور اور 9 جنوری2023 کو اسلام آباد میں بھی روڈ شو کا انعقاد کیا جائے گاتاکہ سیاحتی مقامات پر سرمایہ کاری کیلئے سرمایہ کاروں کو راغب کیا جاسکے ۔ یہ بات منگل کے روز وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان کی زیر صدارت محکمہ سیاحت کے ایک جائزہ اجلاس میں بتائی گئی ۔ اجلاس کو محکمے میں جاری اصلاحات ، ترقیاتی منصوبوں اور گزشتہ اجلاس میں کئے گئے فیصلوں پر پیشرفت کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی ۔اجلاس کو بتایا گیا کہ سیاحوں کی آسانی کیلئے صوبے کے مختلف مقامات پر 329 معلوماتی سائن بورڈز نصب کر دیئے گئے ہیں جبکہ سیاحتی مقامات پر صفائی ستھرائی کو یقینی بنانے کیلئے بھی انتظامات کئے گئے ہیں۔اجلاس کو مزید بتایا گیا کہ بویون سکی ریزارٹس( Resorts) اور ہنڈ پارک کو پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کے تحت چلانے کیلئے فزبیلٹی اسٹڈی مکمل کرلی گئی ہے جبکہ ہنڈ پارک کیلئے ماسٹر پلان بھی تیار کرلیا گیا ہے ۔ اجلاس کے شرکاءکو بتایا گیا کہ حال ہی میں اسلام آباد میں منعقدہ لوک ورثہ میلے میں خیبرپختونخوا نے پہلی پوزیشن حاصل کی ہے ۔اس موقع پر گفتگوکرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہاکہ صوبائی حکومت چیئرمین عمران خان کے وژن کے مطابق سیاحت کے فروغ پر کام کررہی ہے جس کا مقصد مقامی سطح پر لوگوں کیلئے روزگار کے مواقع پیداکرنا اور صوبے کی معیشت کو مضبوط بنانا ہے ۔ اُنہوںنے کہاکہ خیبرپختونخوامیں سیاحت کی بھر پوراستعداد موجود ہے جس سے استفادہ کرکے بیروزگاری کا خاتمہ کیا جا سکتا ہے ۔ وزیراعلیٰ نے کہاکہ صوبائی حکومت پہلے سے موجود سیاحتی مقامات کو بہتر بنانے کے ساتھ ساتھ نئے سیاحتی مقامات کی ترقی پر بھی کام کر رہی ہے تاکہ مقامی اور بین الاقوامی سیاحوں کوصوبے کی جانب راغب کیا جائے۔صوبائی حکومت سیاحتی مقامات تک رسائی کیلئے اپروچ روڈز بنانے کے ساتھ ساتھ سیاحتی مقامات پر درکار دیگر سہولیات کی فراہمی کیلئے بھی اقدامات اُٹھارہی ہے جبکہ سیاحوں کے تحفظ کیلئے ٹوارزم پولیس کا اجراءبھی کیا گیا ہے ۔ وزیراعلیٰ کے پرنسپل سیکرٹری امجد علی خان، سیکرٹری سیاحت طاہر اورکزئی ، ڈائریکٹر جنرل خیبرپختونخوا کلچر اینڈ ٹوارزم اتھارٹی اور دیگر متعلقہ حکا م نے اجلاس میں شرکت کی ۔