News Details
12/11/2022
وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کی مخلصانہ قیادت ، عوام دوست پالیسیوں اور عوام پر براہ راست سرمایہ کاری کے باعث خیبرپختونخوا ترقی کی راہ پر گامزن ہوچکا ہے
وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کی مخلصانہ قیادت ، عوام دوست پالیسیوں اور عوام پر براہ راست سرمایہ کاری کے باعث خیبرپختونخوا ترقی کی راہ پر گامزن ہوچکا ہے اور آنے والے وقت میں خیبرپختونخوا ملکی معیشت میں کلیدی کردار ادا کرنے کے ساتھ ساتھ ایک فلاحی ریاست کے قیام کیلئے رول ماڈل کے طور پر سامنے آئے گا۔ وزیراعلیٰ نے واضح کیا کہ موجودہ حکومت نے سرمایہ کاری اور صنعتکاری کو فروغ دینے کیلئے متعدد اصلاحات متعارف کرائی ہے جس کے باعث روزگار کے کثیر مواقع پیدا کئے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت تمام اضلاع کی یکساں ترقی کے لیے ایک جامع منصوبہ بندی کے تحت کام کر رہی ہے جس کا مقصد صوبے کو دیرپاترقی کی راہ پر گامزن کرنا ہے، اور عوام کو ان کی دہلیز پر بہترین سہولیات کی فراہمی یقینی بنانا ہے ۔وزیر اعلیٰ سیکرٹریٹ سے جاری کردہ ایک بیان میں انہوں نے واضح کیا کہ متعدد چیلنجز کے باوجود ان کی حکومت نے سابقہ فاٹا کے انضمام کو نہ صرف کامیاب بنایا ہے بلکہ ان علاقوں کی ترقی کے لیے بھی ایک جامع منصوبہ بندی کے تحت کام جاری ہے۔ تاہم اس معاملے میں موجودہ وفاقی حکومت کا کردار انتہائی مایوس کن ہے۔ وفاق کی جانب سے ضم اضلاع کے لیے ترقیاتی فنڈز کی عدم فراہمی تشویشناک ہے جو کہ دہائیوں سے جاری استحصال کی روایت کو برقرار رکھنے کے مترادف ہے۔ وزیر اعلیٰ نے واضح کیا کہ اگرچہ صوبائی حکومت قبائلی عوام کو درپیش مسائل کے حل کیلئے اپنی استعداد سے بڑھ کر کام کر رہی ہے اور آئندہ بھی جاری رکھے گی تاہم وفاق کو اس سلسلے میں اپنا کردار ایمانداری سے ادا کرنے کی ضرورت ہے۔ ہم کوئی خیرات یا تعاون نہیں مانگ رہے بلکہ عوام کے جائز حق کی بات کر رہے ہیں۔ وزیراعلیٰ نے کہا اب جبکہ قبائلی اضلاع صوبے کا باقاعدہ حصہ بن چکے ہیں تو انصاف کا تقاضا بھی یہی ہے کہ ان اضلاع کو بندوبستی اضلاع کے برابر لاکھڑا کرنے کیلئے تمام اسٹیک ہولڈر ز اپنے حصے کی ذمہ داریاں بروقت ادا کریںاور خصوصی طور پر وفاق کی طرف سے ضم اضلاع کیلئے ترقیاتی فنڈ کی عدم ادائیگی یا تاخیر صوبائی حکومت کے لئے مالی مسائل کا موجب ہے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ پورے صوبے کی یکساں ترقی کے بغیر ہم کبھی بھی کامیاب نہیں ہو سکتے جس کے لیے ہر ضلع اور ہر طبقے پر سرمایہ کاری ناگزیر ہے۔ عوام کو بوقت ضرورت فوری ریلیف کی فراہمی کیلئے شارٹ ٹرم اقدامات ناگزیر ہوتے ہیں جو صوبائی حکومت کی حکمت عملی کا مستقل حصہ ہےں تاہم مسائل کے کل وقتی حل کیلئے طویل المدتی منصوبہ بندی نہایت ضروری ہے۔ پی ٹی آئی کی صوبائی حکومت نے اس خلاءکو پر کرنے کیلئے مختلف شعبوں میں طویل المدتی ترقیاتی اقدامات شروع کیے ، جن پر عملدرآمدکے مثبت نتائج سامنے آرہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ موجود حکومت نے سیاحت کو بطور صنعت متعارف کرایا جس کی وجہ سے خیبر پختونخوا نہ صرف ملکی بلکہ بین الاقوامی سیاحوںکیلئے بھی ایک ٹوریسٹ ڈیسٹینیشن بن چکا ہے جو کہ آنے والے وقت میں ملکی معیشت کو تقویت دینے میں کلیدی کردار ادا کرے گا۔اسی طرح صوبے میں موجود قدرتی وسائل سے استفادہ کرنے کے لیے بھی متعدد اقدامات اٹھائے گئے ہیں جن میں شعبہ صنعت کی جدید خطوط پر ترقی بڑی اہمت کی حامل ہے۔ صوبائی حکومت نے ناصرف بیمارصنعتوں کی بحالی ممکن بنائی ہے بلکہ نئی صنعتوں کے قیام کیلئے بھی تاریخی اقدامات اٹھائے ہیں۔ صوبے میں چھوٹی اور بڑی صنعتوں کے قیام سے نہ صرف روزگار کے مواقع میسر ہوئے ہیں بلکہ خیبر پختونخوا شعبہ صنعت میں بھی نجی اور بین الاقوامی سرمایہ کاروں کی توجہ کا مرکز بن چکا ہے۔ تعلیم اور صحت کے شعبوں کے بارے ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سکولز، کالجز اور ہسپتالوں میں اساتذہ، ڈاکٹروں اور دیگر وسائل کی کمی کو تقریباً ختم کیا جا چکا ہے جس کے باعث ان اداروں پر عوامی اعتماد بحال ہوا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ خیبر پختونخوا میں پاکستان تحریک انصاف کا دوبارہ انتخاب عوامی اطمینان کا ثبوت ہے اور ہم عوامی توقعات کے مطابق دن رات محنت کر کے فلاحی ریاست کے قیام کی طرف گامزن ہیں۔