News Details
11/11/2022
سوات موٹروے پر کوسٹر میں سیاسی تکرار پر نوجوان کے قتل کا واقعہ/ وزیر اعلیٰ کی زیر صدارت خصوصی اجلاس
سوات موٹروے پر کوسٹر میں سیاسی تکرار پر نوجوان کے قتل کا واقعہ/ وزیر اعلیٰ کی زیر صدارت خصوصی اجلاس
وزیر اعلیٰ کی واقعے میں ملوث ملزمان کی جلد گرفتاری یقینی بنانے کی ہدایت
لواحقین کے لیے پچاس لاکھ روپے پیکج اور سرکاری ملازمت کا اعلان
وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان کی زیرِ صدارت گزشتہ ہفتے سوات موٹروے پر مسافر کوسٹر میں سیاسی تکرار پر ایک نوجوان کے قتل کے افسوسناک واقعہ کے حوالے سے خصوصی اجلاس منعقد ہوا۔ وزیر اعلیٰ کے معاون خصوصی برائے جیل خانہ جات شفیع اللہ، ایم این اے سید محبوب شاہ اور وزیر اعلیٰ کے پرنسپل سیکرٹری امجد علی خان کے علاوہ کمشنر ملاکنڈ، آر پی او مردان، ڈی پی او مردان اور دیگر متعلقہ حکام نے اجلاس میں شرکت کی جبکہ جاں بحق ہونے والے نوجوان کے اہل خانہ بھی اس موقع پر موجود تھے۔اجلاس میں افسوسناک واقعہ کے مختلف پہلوو ¿ں خصوصاً مفرور ملزمان کی گرفتاری کے لیے اب تک کی پیش رفت پر تفصیلی بریفنگ دی گئی ۔ وزیر اعلیٰ نے متعلقہ حکام کو مفرور ملزمان کی جلد گرفتاری یقینی بنانے اور انہیں انصاف کے کٹہرے میں لانے کے لیے تیز رفتار اقدامات اٹھانے کی ہدایت کی اور واضح کیا کہ نوجوان کے بہیمانہ قتل میں ملوث عناصر کو ہر صورت میں قانون کے کٹہرے میں کھڑا کیا جائے گا۔ وزیر اعلیٰ نے متعلقہ حکام کو موثر پراسیکیوشن یقینی بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ متاثرہ خاندان کو انصاف کی فراہمی ترجیح ہونی چاہیے، اس مقصد کے لیے تمام تر دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں۔ وزیر اعلیٰ نے اس موقع پر متاثرہ خاندان سے تعزیت اور دلی ہمدردی کا اظہار کیا اور مرحوم رحیم الدین کے لواحقین کو 50 لاکھ روپے خصوصی پیکج اور سرکاری ملازمت دینے کا اعلان بھی کیا۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ کوئی بھی چیز قیمتی انسانی جان کا نعم البدل نہیں ہو سکتی، تاہم صوبائی حکومت متاثرہ خاندان کو آزمائش کی اس گھڑی میں تنہا نہیں چھوڑے گی۔انہوں نے شہید کے درجات کی بلندی اور لواحقین کے لیے صبر و استقامت کی دعا بھی کی اور یقین دلایا کہ صوبائی حکومت واقعہ میں ملوث ملزمان کو قرار واقعی سزا دلانے کے لیے بھر پور تعاون یقینی بنائے گی۔