News Details
10/11/2022
وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان نے کہا ہے کہ رجیم چینج سازش کے تحت وجود میں آنے والی امپورٹڈ حکومت اپنی آخری سانسیں لے رہی ہے
وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان نے کہا ہے کہ رجیم چینج سازش کے تحت وجود میں آنے والی امپورٹڈ حکومت اپنی آخری سانسیں لے رہی ہے، حالات مکمل طور پر امپورٹڈ حکمرانوں کی دسترس سے باہر ہو چکے ہیں، ان کی مفاد پرست پالیسیوں نے ملکی معیشت کو تباہی کے دھانے پہنچا دیا اور عام آدمی کا جینا محال ہو چکا ہے۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ اب قوم کے لیے فیصلے کی گھڑی ہے، عوام کو اپنے اور اپنی نسلوں کے مستقبل کے لیے بھر پور کردار ادا کرنا ہو گا اور نااہل امپورٹڈ حکمرانوں کو ایکسپورٹ کرنا ہو گا۔ یہی واحد صورت ہے جو ملک و قوم کو مزید تباہی سے بچا سکتی ہے۔ بدھ کے روز وزیراعلیٰ سیکرٹریٹ سے جاری اپنے بیان میں محمود خان نے کہا کہ پی ٹی آئی واحد سیاسی جماعت ہے جو قومی وقار و سلامتی اور عام آدمی کے حقوق کے تحفظ کے لیے جدو جہد کر رہی ہے۔ پی ٹی آئی اکیلی ایک طرف ہے اور کم و بیش دیگر تمام جماعتیں ایک طرف ہیں۔ دونوں کا ایجنڈا صاف اور واضح ہے اور عوام بھی تمام تر صورتحال سے بخوبی آگاہ ہو چکے ہیں۔ وزیر اعلیٰ کا کہنا تھا کہ چیئر مین پی ٹی آئی عمران خان کی قیادت میں سابقہ وفاقی حکومت نے بےشمار چیلنجز کے باوجود ڈوبتی ہوئی ملکی معیشت کو بہتری کے ٹریک پر گامزن کیا اور بین الاقوامی سطح پر قومی وقار اور تشخص کو بحال کرنے کے لیے عملی اقدامات اٹھائے۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ عوام دشمن سیاسی عناصر سے یہ برداشت نہ ہوا اور پی ڈی ایم ڈرامے کے ذریعے ایک جمہوری طور پر منتخب حکومت کے خلاف سازش رچائی گئی۔ وزیر اعلیٰ نے حیرت کا اظہار کیا کہ پی ڈی ایم میں شامل جماعتیں موجودہ ناگفتہ بہ حالات پر خاموش کیوں ہیں۔ یہ جماعتیں پی ٹی آئی کے دور حکومت میں مہنگائی کا ڈھنڈورا پیٹتی رہیں اور ہر وقت سراپا احتجاج تھیں۔ کیا اب انہیں عوام کی حالت زار نظر نہیں آ رہی جبکہ مہنگائی پہلے سے کئی گنا بڑھ چکی ہے، روزمرہ استعمال کی ناگزیر اشیاءبھی عام آدمی کی پہنچ سے باہر ہو چکی ہیں۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ اس تمام تر صورتحال پر ناہل سیاسی ٹولے کی مجرمانہ خاموشی قوم کے لیے لمحہ فکریہ ہے۔ مہنگائی کے خلاف احتجاج کرنے والے اب خاموش کیوں ہیں، کیا وہ اس کی کوئی توجیہ پیش کر سکتے ہیں۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ عوام الناس کو درپیش مسائل کبھی ان لوگوں کا مطمع نظر تھے ہی نہیں، ان کو ہمیشہ اپنے مفادات کی فکر رہی ہے اور اب کی بار بھی اسی مقصد کے تحت اقتدار پر مسلط ہیں اور کرپشن کے ذریعے لوٹی گئی اپنی دولت کے تحفظ میں مشغول ہیں۔ وزیر اعلیٰ کا کہنا تھا کہ امپورٹڈ حکمران جو مرضی کر لیں، یہ اپنے مذموم عزائم میں کبھی کامیاب نہیں ہوں گے کیونکہ ان کی حقیقت عوام پر آشکار ہو چکی ہے۔ عوام ان کو مسترد کر چکے ہیں اور ان پر کسی صورت اعتماد نہیں کریں گے۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ملک کے مختلف حلقوں میں حالیہ ضمنی انتخابات کے نتائج اس بات کا واضح ثبوت ہیں کہ عوام پی ٹی آئی اور اس کی قیادت پر اعتماد کرتے ہیں۔ یہ تو محض ایک ٹریلر تھا، آئندہ عام انتخابات پی ڈی ایم میں شامل سیاسی جماعتوں کے تابوت میں حتمی کیل ثابت ہوں گے۔ پی ٹی آئی باشعور عوام کے تعاون اور اعتماد کی بدولت خیبرپختونخوا اور مرکز سمیت تمام صوبوں میں حکومت بنائے گی۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ امپورٹڈ حکمرانوں کا ایکسپورٹ ہونا ٹھہر چکا ہے اور وہ خود بھی اس حقیقت سے آگاہ ہیں، یہی وجہ ہے کہ امپورٹڈ حکمران عام انتخابات کے میدان میں اترنے سے خوفزدہ ہیں۔ وزیر اعلیٰ نے مزید کہا کہ یہ امپورٹڈ سیاسی ٹولہ تمام تر کوششوں اور سازشوں کے باوجود پی ٹی آئی کی عوامی مقبولیت کو کم نہیں کر سکا اور اسے ہر محاذ پر شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ وزیر اعلیٰ نے واضح کیا کہ پی ٹی آئی صحیح معنوں میں عوام کی نمائندہ سیاسی جماعت ہے جو ملک و قوم کی حقیقی آزادی تک اپنی جدو جہد جاری رکھے گی۔