News Details

07/11/2022

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے کہا ہے کہ رجیم چینج سازش کے تحت ملک پر مسلط امپورٹڈ ٹولہ جلد ایکسپورٹ ہونے جا رہا ہے کیونکہ اس ناہل ٹولے کی ناقص پالیسیوں نے عام آدمی کی زندگی اجیرن کر دی ہے

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے کہا ہے کہ رجیم چینج سازش کے تحت ملک پر مسلط امپورٹڈ ٹولہ جلد ایکسپورٹ ہونے جا رہا ہے کیونکہ اس ناہل ٹولے کی ناقص پالیسیوں نے عام آدمی کی زندگی اجیرن کر دی ہے۔ 14 جماعتیں مل کر بھی عام آدمی کی بہتری کے لیے کچھ نہیں کر پا رہیں اور ملک میں دن بدن مہنگائی کی شرح میں اضافہ ہوتا جا رہا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے قائم مقام گورنر و سپیکر صوبائی اسمبلی مشتاق احمد غنی، صوبائی وزیر ارشد ایوب اور سابق صوبائی وزیر قلندر خان لودھی کی سربراہی میں آزاد حیثیت سے منتخب تحصیل چیئرمین حویلیاں عاطف منصف خان جدون کو پاکستان تحریک انصاف میں شمولیت اختیار کرنے کے موقع پر کیا۔ وزیر اعلیٰ نے انہیں خوش آمدید کہتے ہوئے کہا ہے کہ پی ٹی آئی حقیقی معنوں میں عوام کی نمائندہ اور پسندیدہ سیاسی جماعت ہے۔پی ٹی آئی میں سیاسی رہنماوں ، کارکنوں اور عوام کی شمولیت کا رجحان بڑھتا جارہا ہے جو پارٹی لیڈرشپ، چیئرمین عمران خان کے وڑن اور صوبائی حکومت کی عوام دوست پالیسیوں پر عوام کے غیر متزلزل اعتماد کا اظہار ہے۔ تحریک انصاف ہی واحد جماعت ہے جس کی مقبولیت میں روز بروز اضافہ ہو رہا ہے جس سے امپورٹڈ حکمران بوکھلاہٹ کا شکار ہیں اور اس مقبولیت کو دبانے کے لیے اوچھے ہتھکنڈے استعمال کرنے پر اتر آئے ہیں۔ پی ٹی آئی ہی واحد سیاسی جماعت ہے جو وفاق کی علامت ہے اور اس کی جڑیں پختونخوا سمیت ملک بھر میں پھیلی ہوئی ہیں جو وقت کے ساتھ ساتھ مزید مضبوط ہو رہی ہیں۔وزیر اعلیٰ نے عاطف خان کو مبارکباد دی اور کہا کہ ان کا یہ فیصلہ درست ثابت ہو گا کیونکہ پی ٹی آئی ہی وہ جماعت ہے جس کا منشور انصاف کا بول بالا، آئین کی بالا دستی ،قانون کی حکمرانی اور عام آدمی کی ترقی و خوشحالی ہے۔ محمود خان نے کہاکہ پی ٹی آئی ایک عوامی جماعت ہے جو ملک و قوم کی بلاامتیاز خدمت پر یقین رکھتی ہے اور ہم اس مقصد اور وڑن کے تحت پی ٹی آئی میں شمولیت اختیار کرنے والوں کو خوش آمدید کہتے ہیں۔ وزیراعلیٰ نے کہاکہ پی ٹی آئی عوام کی مقبول ترین جماعت بن چکی ہے اور وقت کے ساتھ ساتھ مزید سیاسی شخصیات اس قافلے میں شامل ہوں گی۔ پی ڈی ایم میں شامل سیاسی جماعتیں اپنے اقتدار اور سیاسی ساکھ کو بچانے کے لیے مایوس کن ہتھکنڈوں کا سہارا لے رہی ہیں لیکن میں انہیں واضح کر دوں کہ عوام کے سمندر کے سامنے یہ نا اہل ٹولہ ریت کی دیوار ثابت ہوگا۔وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ پاکستان کے باشعور عوام اس سیاسی ٹولے کے گھناونے عزائم سے بخوبی واقف ہوچکے ہیں اور کسی بھی صورت ان کی حکومت کو قبول نہیں کریں گے۔ عمران خان ہی وہ واحد لیڈر ہیں جو مشکل سے مشکل حالات کا بھی ڈٹ کر مقابلہ کرتے ہیں اور انہوں نے ثابت کر دیا کہ کہ وہ غیور قوم کے نڈر لیڈر ہیں جو حالات کی سختی سے بھاگے نہیں بلکہ قوم و ملک کے مستقبل کی خاطر اپنی جان کی پرواہ بھی نہیں کی۔ عمران خان بہادری اور جرات کا استعارہ بن چکے ہیں اور ہم ہر محاذ پر اپنے قائد کا بھر پور ساتھ دیں گے اور ان کے شانہ بشانہ کھڑے رہیں گے۔